اجنبی دیسوں کے اجنبی پھل ’ڈورین، ڈریگن فروٹ اور رامبوتان‘

جمعہ 7 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دنیا بھر میں مختلف خطے اپنی جغرافیائی خواص اور مخصوص آب و ہوا کی وجہ سے جداگانہ اہمیت رکھتے ہیں، جب کہ ان جغرافیائی اور موسمی حالات کا اثر یہاں بسنے والے انسانوں ہی پر نہیں پڑتا بلکہ یہاں پائے جانے والے جانوروں کے ساتھ ساتھ یہاں پیدا ہونے والے پھل پھول بھی اس مخصوص ماحول کا اثر لیے ہوتے ہیں۔

آج ہم آپ کو دنیا بھر میں پائے جانے والے ان مختلف پھلوں کے بارے میں بتائیں گے جو پاکستان میں پیدا نہیں ہوتے۔ ان اجنبی یا غیر ملکی پھلوں کے تعارف کے اس سلسلے میں جن تین پھلوں کا احوال پیش کیا جا رہا ہے ان میں ’ ڈورین، ڈریگن فروٹ اور رامبوتان‘ شامل ہیں۔

ڈورین فروٹ:

’ڈورین‘ کو جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں ’پھلوں کا بادشاہ‘ بھی کہا جاتا ہے۔

’ڈورین‘ جسے بہت سے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں ’پھلوں کا بادشاہ‘ بھی کہا جاتا ہے، ایک بڑا، سبز  کاٹے دار پھل ہے۔ اگرچہ یہ پھل اپنی تیز ناگوار بو کے لیے بدنام ہے، تاہم یہ غذائیت کا بہت اچھا ذریعہ ہے اور لوگ اسے ہائی بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے کے لیے شوق سے کھاتے ہیں۔

ڈورین فروٹ جنوب مشرقی ایشیا کے جن ممالک میں کثرت سے پایا جاتا ہے ان میں فلپائن، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا شامل ہیں۔

غذائی اہمیت:

1 کپ کٹے ہوئے ڈورین (تقریباً 230 گرام) میں357 کیلوری،3.6  گرام پروٹین،9.2  گرام فائبر،66  گرام کاربوہائیڈریٹ،4.9  ملی گرام سوڈیم،13 گرام فیٹ ہوتا ہے۔

صحت کے فوائد:

ڈورین فروٹ وٹامن سی کا بھرپور ذریعہ ہے، جو خون کی شریانوں، مدافعتی افعال اور ہڈیوں اور کارٹلیج کی اچھی ساخت کے لیے ضروری ہے۔ ڈورین فروٹ میں موجود تھامین کھانے کو توانائی میں تبدیل کرکے میٹابولزم کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے۔

اس کے علاوہ ڈورین پھل کا کانٹے دار بیرونی خول بھی خاصا مفید ہے کیونکہ اس میں اینٹی بائیوٹک اور کھانسی سے نجات دلانے والی خصوصیات ہوتی ہیں۔

ڈریگن فروٹ:

ڈریگن فروٹ آئرن، فائبر اور میگنیشیم کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔

ڈریگن فروٹ، جسے ’پٹایا‘ بھی کہا جاتا ہے، ایک انار کے سائز کا غیر ملکی پھل ہے جو اپنے چمکدار گلابی چھلکے کے ساتھ کافی خوبصورت نظر آتا ہے۔ اس پھل کے اندر سفید رنگ کا گودا ہوتا ہے جس میں چھوٹے سیاہ بیج بھی نمایاں ہوتے ہیں۔ ڈریگن فروٹ آئرن، فائبر اور میگنیشیم کا ایک بڑا ذریعہ ہے اور یہ اینٹی آکسیڈنٹس کی ایک ایسی خاصیت کا حامل ہے جو خلیوں کی حفاظت کرتا ہے۔

ڈریگن پھل وسطی امریکا کا پھل ہے لیکن اب ہوائی، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، تھائی لینڈ اور ویتنام میں کامیابی کے ساتھ اگایا اور پیدا کیا جاتا ہے۔

غذائی اہمیت:

100 گرام ڈریگن فروٹ میں60 کیلوریز،3  گرام فائبر،13  گرام کاربوہائیڈریٹ، صفر گرام فیٹ اور1.2 گرام پروٹین ہوتا ہے۔

صحت کے فوائد:

ڈریگن فروٹ موٹے لوگوں میں انسولین کی مزاحمت اور فیٹی لیور کو کم کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔ اس پھل میں اعلیٰ سطح پر پری بائیوٹک فائبر ہوتا ہے جو گڈ گٹ بیکٹیریا کی افزائش کو متاثر کرتا ہے۔ پھل میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس ہائی بلڈ پریشر، دل کی بیماری اور ذیابیطس کے خطرے کو کم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔

رامبوتان:

رامبوتان میں وٹامن سی کا اعلیٰ مواد ہوتا ہے۔

رامبوتان کی ظاہری شکل کا موازنہ اکثر اس کے بالوں والے سرخ، پیلے اور سبز خول کی وجہ سے سمندری ’ارچن‘ سے کیا جاتا ہے۔ اس پھل کا لیچی سے گہرا تعلق ہے اور اس کی شکل اور ذائقہ تقریباً لیچی جیسا ہی ہوتا ہے۔

رامبوتان انڈونیشیا اور ملائیشیا کے علاوہ جنوبی ہند کی ریاستوں کیرالہ اور تامل ناڈو میں بھی خاصی مقدار میں اگایا جاتا ہے۔

غذائی اہمیت:

100 گرام رامبوتان میں68 کیلوریز،1  گرام پروٹین،3  گرام فائبر،16  گرام کاربوہائیڈریٹ اور 0.3 گرام فیٹ ہوتا ہے۔

صحت کے فوائد:

رامبوتان میں وٹامن سی کا اعلیٰ مواد ہوتا ہے جو صحت مند بالوں، جلد اور ناخنوں کے لیے کولیجن بنانے میں مدد کرتا ہے۔ رامبوتان میں موجود تانبا خون کے سرخ خلیات کی پیداوار میں مدد کرتا ہے اور صحت مند اعصاب اور خون کی شریانوں کو برقرار رکھنے میں بھی معاون ہوتا ہے۔

رامبوتان کے بیجوں اور جلد میں کافی مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں جو بڑھاپے کو روکنے کا کام کرتے ہیں اور یہ دائمی بیماریوں کے علاج میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp