پاکستان مسئلہ کشمیر کا اہم فریق، بھارت یاد رکھے ہمیں کئی بار آزمایا جا چکا، نگراں وزیراعظم

پیر 5 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیحات میں سے ایک ہے، قائداعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، ہم کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہر سال کشمیریوں کے ساتھ اس روز یکجہتی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا اہم فریق ہے۔ ہم نے بین الاقوامی فورمز پر کشمیر کاز کی وکالت کی ہے، بھارت کو استصواب رائے کے حوالے سے اپنے وعدوں کا احساس کرنا چاہیے۔

انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ جموں و کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے ہم اس سے لاتعلق نہیں رہ سکتے، کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں

انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ پاکستان سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا نوٹس لے۔

وزیراعظم نے کہاکہ کشمیر پاکستان کہ خارجہ پالیسی کی اہم ترین ترجیحات میں سے ایک ہے۔

نگراں وزیراعظم نے کہاکہ بھارتی قیادت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان پر اپنا دعویٰ کر رہی ہے لیکن یاد رکھا جائے کہ بھارت ہمیں کئی بار آزما چکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نے 76 سال میں کشمیر پر اپنے قبضے کو دوام بخشنے کے لیے مختلف حربے اپنائے، 5 اگست 2019 کو وادی کی حیثیت ہی بدل دی گئی۔ دنیا کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp