مالدیپ اور بھارت کے درمیان معاہدہ، ہندوستانی فوجی 10 مئی تک جزیرہ نما چھوڑدیں گے

منگل 6 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مالدیپ کے صدر محمد معیزو نے اعلان کیا ہے کہ ہندوستانی فوجیں مئی کے وسط تک مالدیپ سے نکل جائیں گی، انہوں نے واضح کیا کہ مالدیپ کسی بھی ملک کو اپنی خودمختاری میں مداخلت کی اجازت نہیں دے سکتا۔

دونوں جنوب ایشیائی ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی کے دوران، صدر معیزو نے منگل کو پارلیمنٹ کو بتایا کہ مالے اور نئی دہلی ایک معاہدے پر پہنچے ہیں، جس کے تحت ہندوستانی فوجیں 10 مئی تک مالدیپ سے نکل جائیں گی۔

’مالدیپ، ملک کے اندرونی اور زیر آب چارٹ بنانے کے لیے، ہندوستان کے ساتھ معاہدے کی تجدید نہیں کرے گا۔ ہم کسی بھی ملک کو اپنی خودمختاری میں مداخلت یا نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘

سن آن لائن کی ایک رپورٹ کے مطابق، صدر محمد معیزو نے کہا کہ ہندوستانی فوج اس سال 10 مارچ تک مالدیپ کے 3 ایوی ایشن پلیٹ فارمز میں سے ایک سے اپنے فوجی اہلکاروں کو منتقل کر دے گی، بقیہ 2 پلیٹ فارمز کے فوجی اہلکار 10 مئی تک چلے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مالدیپ کی اکثریتی آبادی کی جانب سے ان کی انتظامیہ کے لیے حمایت  مالدیپ سے غیر ملکی افواج کے انخلاء، مالدیپ کے سمندروں کے کھوئے ہوئے حصوں کی بازیابی اور ریاست کی جانب سے کیے گئے کسی بھی معاہدے کو منسوخ کرنے کے عہد کی نمائندگی کرتی ہے جس سے مالدیپ کی خودمختاری کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ہندوستانی مسلح افواج کے 12 اہلکاروں پر مشتمل طبی عملے کے ساتھ مبینہ طور پر کم از کم 88 ہندوستانی فوجی مالدیپ میں تعینات ہیں، ہندوستانی فوجیوں کو 2 ریسکیو اور جاسوس ہیلی کاپٹروں اور ایک عطیہ کردہ ڈورنیئر میری ٹائم سرویلنس ایئر کرافٹ کی دیکھ بھال اور چلانے کے لیے جزیرہ نما میں تعینات کیا گیا ہے۔

ہندوستان کے فوجی اہلکاروں کے چھوٹے دستے کے ساتھ ساتھ ہندوستانی مسلح افواج سے  وابستہ طبی عملے کو ہٹانا صدر محمد معیزو کی انتخابی مہم کا ایک اہم وعدہ تھا، جنہوں نے مالدیپ کو چین کے ساتھ قریبی تعلقات کو آگے بڑھانے پر زور دیا تھا۔

صدر محمد معیزو نے 2 ماہ قبل مالدیپ کی صدارت سنبھالنے کے فوراً بعد ہندوستانی فوجیوں کو ہٹانے کی درخواست کی اور بیجنگ کے سرکاری دورے سے واپس آنے کے بعد 15 مارچ کی آخری تاریخ مقرر کی تھی۔

گزشتہ ہفتے، مالدیپ کی وزارت خارجہ نے کہا کہ مالے اور نئی دہلی دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ہندوستانی حکومت 10 مارچ تک 3 ایوی ایشن پلیٹ فارمز میں سے ایک میں فوجی اہلکاروں اور 10 مئی تک دوسرے دو پلیٹ فارمز میں فوجی اہلکاروں کو تبدیل کردے گی۔

دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے درمیان، یہ اطلاع ملی ہے کہ ہندوستانی بحریہ بحر ہند کے علاقے میں ایک چینی سرویلنس شپ ژیانگ یانگ ہونگ 3 کی نگرانی کرے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ وہ مالدیپ کے خصوصی اقتصادی زون میں کسی بھی قسم کی تلاش پر مبنی سرگرمی نہ دکھا سکے۔

مالدیپ حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہا مالے میں چینی تحقیقی جہاز کی پورٹ کال کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کے ضمن میں، وزارت خارجہ یہ بتانا چاہتی ہے کہ حکومت چین کی جانب سے پورٹ کال کرنے کے لیے ضروری منظوریوں کے لیے حکومت مالدیپ کو ایک سفارتی درخواست کی گئی تھی۔

مالدیپ کی حکومت نے واضح اہلکاروں کیا ہے کہ مذکورہ تحقیقی جہاز مالدیپ کے پانیوں میں رہتے ہوئے کوئی تحقیق نہیں کرے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp