لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف 9 مئی کو پولیس کی گاڑیاں جلانے اور تھانہ شادمان نذر آتش کرنے سے متعلق مقدمات کے ٹرائل جیل میں کرنے کا حکم دیا ہے۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے دونوں مقدمات کی الگ الگ سماعت کی۔ عدالت نے 9 مئی کو راحت بیکری چوک، لاہور میں پولیس کی گاڑیاں نذر آتش کرنے کے کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کے خلاف فردم جرم عائد کی۔
Related Posts
عدالت نے مذکورہ ملزمان کے خلاف تھانہ شادمان نذر آتش کرنے سے متعلق ایک الگ کیس میں بھی فرد جرم عائد کی۔ عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمودالرشید اور اعجاز چوہدری کو دونوں مقدمات میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کر رکھا تھا اور ملزمان کو چالان کی نقول بھی تقسیم کر رکھی ہیں۔
واضح رہے کہ تھانہ شادمان نذر آتش کرنے سے متعلق کیس کے چالان میں ملزمان کے خلاف بغاوت سمیت دیگر سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔