فراڈیوں نے پاکستان کا ستیا ناس کیا، ان کو ملک پر دوبارہ مسلط نہیں ہونے دیں گے، نوازشریف

منگل 6 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 گھر بنا کر دینے کا وعدہ کرنے والے فراڈیوں نے پاکستان کا ستیا ناس کر دیا، اب ان کو دوبارہ ملک پر مسلط نہیں ہونے دیں گے۔

قصور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کو دوبارہ اپنی ڈگر پر لائیں گے اور نوجوانوں کی طاقت سے اسے ضرور ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔

نواز شریف نے کہاکہ یوتھ ہمارے کندھے سے کندھا ملا کر ملک کی تعمیر کرے گی۔ اگر نواز شریف کو نہ نکالا جاتا اور حکومت نہ توڑی جاتی تو آج ملک میں کوئی بھی بیروزگار نہ ہوتا۔

انہوں نے کہاکہ 2 روز بعد طلوع ہونے والا سورج پاکستان کے لیے خوشحالی کا پیغام لے کر آئے گا، جب ہمارا دور تھا تو ملک میں خوشحالی ہی خوشحالی تھی، اور روٹی کی قیمت 4 روپے تھی جبکہ آج 20 روپے ہے۔

قائد ن لیگ نے کہاکہ ایک وقت تھا جب ہمارے مخالفین دھرنے کر رہے تھے اور ہم لوڈشیڈنگ ختم کرنے اور دہشتگردی کے ناسور سے چھٹکارہ حاصل کرنے میں مصروف تھے۔

نواز شریف کی نام لیے بغیر تحریک انصاف پر تنقید

انہوں نے پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ جب یہ دھرنے دے رہے تھے تو ہم کسانوں کو سستی کھاد اور سستی ڈی اے پی دینے میں مصروف تھے، ہمارے دور میں 8 لاکھ کا ملنے والا ٹریکٹر آج 38 لاکھ روپے میں مل رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم اقتدار میں آکر نوجوانوں کو ہنر سکھا کر باعزت روزگار بھی دیں گے۔

نواز شریف نے کھڈیاں کے عوام کے لیے یونیورسٹی، دانش اسکول، اسپتال اور اسٹیڈیم کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ہم اقتدار میں آکر سارے وعدے پورے کریں گے۔

نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بن کر ملک کو مشکلات سے نکالیں گے، شہباز شریف

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہاکہ نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بن کر ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔

شہباز شریف نے کہاکہ 8 فروری کو عوام ترقی کو ووٹ دیں اور تباہی کو ’چن‘ دیں تاکہ ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ ہو۔

انہوں نے کہاکہ یہ نواز شریف ہے جبکہ دوسرے مداری دن کو ہیرا پھیری کر کے رات کو جاکر سو جاتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہاکہ نواز شریف کو موقع ملا تو ہم نوجوانوں کو روزگار دیں، ہم کشکول کو توڑیں گے اور پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔

نوجوانوں کو روزگار اور لیپ ٹاپ دیں گے

صدر پاکستان مسلم لیگ ن نے کہاکہ نواز شریف کو موقع ملا تو نوجوانوں کو روزگار ملے گا، لیپ ٹاپ دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ جنہوں نے کراچی کو لاہور بنانا ہے تو پھر بات ہی کیا رہ گئی۔ ان سے کہتا ہوں کہ آپ کی کارکردگی ہی ہمارے لیے جلسے کا کام کر رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہاکہ ملک میں اندھیرے تھے اور نواز شریف روشنیاں لے کر آیا، ایک طرف تحمل اور برداشت ہے اور دوسری طرف تکبر اور رعونت ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایک طرف سانحہ 9 مئی والے ہیں جبکہ دوسری طرف 28 مئی والا نواز شریف بیٹھا ہوا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp