پاکستان کی ترکیہ میں عدالتی کمپلیکس پر دہشت گرد حملے کی مذمت

منگل 6 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے استنبول میں کورٹ ہاؤس کمپلیکس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان اپنے برادر ملک ترکیہ اور اس کے عوام کے ساتھ اپنی پختہ یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔

منگل کو ترکیہ کے کورٹ ہاؤس کمپلیکس پر حملے کے بعد دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ترکی کے برادر عوام اور حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور اس گھناؤنے حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا گو ہے۔

 

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہماری دعائیں اور ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی لعنت کے خلاف جنگ میں ترکیہ کے ساتھ اپنی پختہ یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے ۔

استنبول کی عدالت کے باہر 2 دہشت گرد ہلاک

واضح رہے کہ ترکی میں پولیس نے منگل کو بائیں بازو کی ایک مبینہ ’ دہشت گرد ‘ تنظیم سے تعلق رکھنے والے ایک مرد اور ایک خاتون کو گولی مار کر ہلاک کر دیا، ان دونوں نے استنبول کی مرکزی عدالت کے باہر ایک سیکیورٹی چوکی پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

ترکی کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے کہا ہے کہ حملہ آور انقلابی پیپلز لبریشن پارٹی فرنٹ (ڈی ایچ کے پی-سی) کے ارکان تھے، جو بائیں بازو کا ایک انتہا پسند گروپ ہے جو 1980 کی دہائی سے ترکی میں وقفے وقفے سے حملے کرتا رہا ہے۔

گروپ نے ابتدائی طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم یرلیکایا نے ایک سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ حملہ کرنے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ ہے 3 پولیس افسران اور 3 شہریوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp