عفت طاہرہ کی جہانگیر ترین کے حق میں دستبرداری، پی ٹی آئی کا این اے 155 سے نئے امیدوار کا اعلان

منگل 6 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 155 لودھراں سے نئے امیدوار کا اعلان کر دیا ہے۔

تحریک انصاف کے میڈیا سیل کے مطابق این اے 55 لودھراں سے راؤ محمد قاسم پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے جن کا انتخابی نشان ہینڈ پمپ ہے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 155 لودھراں سے پا کستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی اُمیدوار عفت طاہرہ سومرو استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر ترین کے حق میں دستبردار ہو گئی تھیں۔

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر ترین سے منگل کو پا کستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اُمیدوارعفت طاہرہ سومرو نے لودھراں میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں انہوں نے جہانگیر ترین کے حق میں الیکشن سے دستبردار ہونے کا باقاعدہ اعلان کیا۔

صدیق بلوچ گروپ میرے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے، عفت طاہرہ سومرو

بعدازاں عفت طاہرہ سومرو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنا ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا، جس میں انہوں نے تصدیق کی کہ وہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 155 سے پاکستان تحریک انصاف کی اُمیدوارتھیں جو اب استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین جہانگیر ترین کے حق میں دستبرداری کا اعلان کرتی ہیں۔

اپنے ویڈیو پیغام میں عفت طاہرہ کا کہنا تھا کہ میں نے لودھراں سے عملی سیاست کا آغاز مسلم لیگ ن کے اُمیدوار صدیق بلوچ کے خلاف کیا تھا، میں نے صدیق بلوچ کی عوام دشمن پالیسوں کے خلاف سیاست کی۔

ان کا کہنا تھا کہ صدیق بلوچ گروپ 2، 3 دن سے پروپیگنڈا کررہا ہے کہ مجھے اغوا کر لیا گیا ہے، جو کہ غلط اور جھوٹ پر مبنی محض ایک پروپیگنڈا ہے۔

عوام صدیق بلوچ گروپ کے بہکاوے میں نہ آئیں

انہوں نے کہا کہ عوام صدیق بلوچ گروپ کے بہکاوے میں نہ آئیں، عوام سے درخواست ہے کہ وہ صدیق بلوچ کے خلاف میرا ساتھ دیتے ہوئے اب این اے 155 میں جہانگیر خان ترین کو ووٹ دیں۔

عفت طاہرہ سومرو کا کہنا تھا کہ مجھ پر پیسوں کا الزام لگایا گیا جو کہ جھوٹ پر مبنی ہے، میں پیسوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp