فیفا ورلڈکپ 2026: فائنل کس شہر میں ہوگا؟ شیڈول کا اعلان کردیا گیا

بدھ 7 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، جس کے مطابق عالمی مقابلے کا فائنل نیویارک کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ افتتاحی میچ میکسیکو شہر کے مشہور اسٹیڈیم ایزٹیکا میں 11 جون کو جب کہ فائنل 19 جولائی کو نیویارک میں کھیلا جائے گا۔

امریکا، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر ورلڈ کپ کے مقابلوں کی میزبانی کریں گے۔ تینوں ممالک کے کل 16 شہر میچز کی میزبانی کریں گے جب کہ زیادہ تر میچز امریکا میں کھیلے جائیں گے۔

دنیا کی بہترین 48 ٹیمیں ورلڈ کپ میں شرکت کریں گی اور ٹورنامنٹ میں 4 ٹیموں کے 12 گروپس ہوں گے جن کے درمیان مختلف مقامات پر 104 میچز ہوں گے۔

ایونٹ کا افتتاحی میچ میکسیکو شہر کے مشہور اسٹیڈیم ایزٹیکا میں 11 جون کو کھیلا جائے گا جب کہ فائنل 19 جولائی کو نیویارک میں ہوگا۔ فیفا کے مطابق امریکی شہر اٹلانٹا اور ڈیلاس سیمی فائنل میچوں کی میزبانی کریں گے جب کہ تیسری پوزیشن کا میچ ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں کھیلا جائے گا۔

فٹ بال 2026 ورلڈ کپ کے میزبان امریکا، کینیڈا اور میکسیکو ہیں، کوارٹر فائنل مقابلے لاس اینجلس، کنساس سٹی، میامی اور بوسٹن میں ہوں گے۔ نیویارک کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کی میزبانی کا اعزاز امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس کی طرف سے ایک مضبوط بولی کے مقابلے کے بعد حاصل کیا گیا تھا۔

نیویارک نے اپنی فائنل کی میزبانی کے لیے بولی پیش کرتے ہوئے بڑے بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی کے شہر کے تجربے، شائقین کے لیے آسان نقل و حمل کے رابطوں اور ایک عالمی شہر کے طور پر اپنی کی پوزیشن کو اجاگر کیا تھا۔ میٹ لائف اسٹیڈیم میں 82,500 تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اس اسٹیڈیم میں 2016 کوپا امریکا ٹورنامنٹ کے فائنل سمیت کئی بین الاقوامی فٹ بال گیمز کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔

فٹبال ورلڈ کپ 2026 امریکا کی آزادی کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کے دوران منعقد ہوگا۔ 4 جولائی کو منائے جانے والے یومِ آزادی کے موقع پر ریاست پینسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں بھی مقابلوں کا ایک راؤنڈ منعقد کیا جائے گا، جہاں امریکی اعلانِ آزادی پر دستخط کیے گئے تھے۔

امریکا میں کھیلے جانے والے راؤنڈ میچوں کا آغاز 12 جون کو لاس اینجلس کے سوفائی اسٹیڈیم سے ہوگا جبکہ ریاست واشنگٹن کے شہر سیئٹل میں بھی میچ کھیلا جائے گا۔ ٹورنٹو کو کینیڈا کی ٹیم کے پہلے کھیل کی میزبانی کے لیے منتخب کیا گیا ہے جب کہ وینکوور کینیڈا کا دوسرا مقام ہے جو مقابلوں کی میزبانی کرے گا۔

واضح رہے کہ 30 سال قبل 1994 کا ورلڈ کپ بھی امریکا میں منعقد ہوا اور فائنل لاس اینجلس کے قریب پاساڈینا کے روز باؤل میں کھیلا گیا تھا۔ نیویارک میں اس ورلڈ کپ کے میچ پرانے جائنٹس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تھے جسے بعد میں منہدم کرکے اس کی جگہ 2010 میں میٹ لائف اسٹیڈیم بنایا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp