الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے امیدوار برائے قومی اسمبلی سلمان اکرم راجہ کی جانب سے پارٹی کے آزاد امیدواروں کے نام کے آگے فارم 33 میں تحریک انصاف کا نام لکھنے کی استدعا مسترد کردی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے معروف قانون دان سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے آج سناتے ہوئے مذکورہ درخواست مسترد کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 2 فروری کو الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے امیدوار سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے ڈی ڈی لاء صائمہ جنجوعہ نے پڑھ کر سنایا۔
درخواست پر محفوظ کیے گئے فیصلے کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات نہ کروانے پر تحریک انصاف کا انتخابی نشان واپس لیا گیا تھا، سپریم کورٹ نے بھی الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا، یہی وجہ ہے کہ فارم 33 میں پارٹی کا نام آزاد امیدوار کے نام کے ساتھ درج کرنے کی استدعا منظور نہیں کی جا سکتی۔
سلمان اکرم راجہ نے انتخابی نشان کے بغیر پارٹی کے آزاد حیثیت میں انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کے نام کے آگے فارم 33 میں تحریک انصاف کا نام لکھنے کی استدعا کی تھی جسے الیکشن کمیشن نے مسترد کردیا ہے۔