انتخابات 2024: پولنگ والے روز افغانستان اور ایران سے ملحقہ سرحدیں بند رکھنے کا اعلان

بدھ 7 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے دفتر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں 8 فروری کو عام انتخابات کے موقعے پر افغانستان اور ایران کے ساتھ بارڈر بند رکھا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ عام انتخابات کے دوران افغانستان اور ایران کے ساتھ بارڈر بند رکھنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ افغانستان اور ایران کے ساتھ سرحدیں کارگو اور مسافروں دونوں کی آمدورفت کے لیے بند رہیں گی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا سرحدیں پولنگ کے اگلے روز جمعہ 9 فروری کو کھول دی جائیں گی۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں عام انتخابات سے ایک روز قبل 2 دھماکے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں 29 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ جبکہ 40 سے زیادہ زخمی ہیں۔ پشین میں ہونے والے دھماکے میں 17 افراد بحق اور 30 سے زیادہ زخمی ہوئے جبکہ قلعہ سیف اللہ میں ہونے والے دھماکے میں 12 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔

مزید برآں بدھ کے روز ہی جمعیت علما اسلام کے سینیئر رہنما حافظ حمداللہ کی گاڑی پر چمن میں فائرنگ ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ حافظ حمداللہ چمن سے کوئٹہ جا رہے تھے جہاں میزائی اڈا پر ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم وہ محفوظ رہے۔

واضح رہے کہ حافظ حمداللہ کو اس سے قبل بھی دہشتگردوں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp