پاکستان میں آج عام انتخابات کے موقع پر جہاں بڑی بڑی سیاسی شخصیات کے درمیان انتخابی دنگل ہو رہے ہیں، وہی ایک اہم مقابلہ کرکٹ کے میدان میں بھی ہو رہا ہے۔
جنوبی افریقہ کے سہارا پارک ولو مور کرکٹ اسٹیڈیم میں انڈر 19 ون ڈے انٹرنیشل ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا اور پاکستان مدمقابل ہیں،پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 180 رنز کا ہدف دیا ہے۔
جوابی اننگز میں آسٹریلیا نے 9 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 30 رنز بنا لیے ہیں۔
انڈر 19 ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان کی شاندار کارکردگی
انڈر 19 ون ڈے ورلڈ کپ میں اب تک کے میچز میں پاکستان کی شاندار کارکردگی دیکھنے میں آئی ہے، پاکستان نے اپنے تمام پول میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستانی بولرز نے تمام میچز میں مخالف ٹیم کو 200 سے کم رنز پر آل آؤٹ کیا ہے۔
مزید پڑھیں
انڈر 19 ون ڈے ورلڈ کپ پاکستان نے افغانستان کی کرکٹ ٹیم کو 103 رنز پر آل آؤٹ کیا، نیپال کو 197 رنز پر آل آؤٹ کیا، نیوزی لینڈ کو 140، آئرلینڈ کو 181 اور بنگلہ دیش کو 150 رنز پر آل آؤٹ کیا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف اہم میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 155 رنز بنائے تھے لیکن پاکستان بولروں کی تباہ کن بالنگ کی بدولت پاکستان نے اس آسان ہدف کا کامیابی سے دفاع کیا اور بنگلہ دیش کو 150 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔
عیبد شاہ کی عمدہ کارکردگی
انڈر 19 ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان کے بولر عبید شاہ جو پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بولر نسیم شاہ کے چھوٹے بھائی ہیں، خطرناک بولر بن کر سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف اہم میچ میں 5 وکٹیں حاصل کی اور اپنی ٹیم کو جتوانے میں اہم کردار ادا کیا، اس میگا ٹورنامنٹ میں عبید شاہ اب تک 17 وکٹیں لے چکے ہیں اور زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ انڈر 19ورلڈ کپ میں پاکستان کا روایتی حریف بھارت اپنے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر پہلے ہی فائنل تک رسائی حاصل کر چکا ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان بھارت سے ٹکرائے گا۔