پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی الرٹ، کیا انتخابات ملتوی ہوجائیں گے؟

جمعہ 10 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر الیکشن کمیشن آف پاکستان دونوں صوبوں میں انتخابات کے انعقاد کا حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے کرے گا۔

ذرائع نے وی نیوز کو بتایا کہ سیکیورٹی اداروں نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے رائے دی ہے کہ فی الوقت دونوں صوبوں کی صورتحال انتخابات کے لیے سازگار نہیں جس کے بعد کمیشن نے طے کیا کہ انتخابات کے انعقاد کے بارے میں حتمی فیصلہ آئندہ ہفتہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 مارچ کو الیکشن شیڈول جاری کیا تھا جس کے مطابق پنجاب کی تمام صوبائی نشستوں اور 6 قومی حلقوں میں پولنگ 30 اپریل کو ہونا طے پائی تھی لیکن اب سیکیورٹی اداروں کی اطلاع کی روشنی میں اس حوالہ سے نظر ثانی متوقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے لیے الیکشن شیڈول فی الحال جاری نہیں ہوا ہے۔

دہشت گردی کے خدشات سے آگاہی جمعہ کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں دی گئی جس میں ممبران الیکشن  کمیشن، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلیجینس ایجنسیز کے نمائندگان  نے شرکت کی۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے ایک اعلامیہ بھی جاری کیا تھا جس کے مطابق کمیشن کو صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں امن وامان کی صورتحال اور دیگرمتعلقہ امور پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق بریفنگ کا مقصد صوبوں میں پرامن انتخابات کے انعقاد  کو یقینی بنانا تھا۔

ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے اجلاس میں بتایا کہ دونوں صوبوں میں دہشت گردی کے واقعات کا خدشہ ہے اور موجودہ حالات الیکشن کے لیے ساز گار نہیں جس پر الیکشن کمیشن نے یہ طے کیا کہ دونوں صوبوں میں انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ سیکیورٹی اداروں کی بریفنگ کی روشنی میں آئندہ ہفتہ کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تیاریوں کے حوالہ سے متعلقہ حکام کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں صوبوں کے انتخابات کے لیے ساڑھے 3 لاکھ سے زائد نفری درکار ہے جس کی فراہمی یقینی بنائی چاہیے۔ الیکشن کمیشن نے اجلاس میں یہ بھی بتایا کہ دونوں صوبوں میں تقریباً 60 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ڈی آر اوز انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی نشاندہی کریں گے جہاں سی سی ٹی وی کمیروں کی تنصیب کے علاوہ دیگر ادروں کےسکیورٹی اہلکار بھی درکار ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp