تحریک انصاف اور ن لیگ کے کون کون سے امیدواروں نے انتخابی نتائج کو عدالت میں چیلنج کیا؟

ہفتہ 10 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے نتائج عدالت میں چیلنج کر دیے، سندھ سے آزاد امیدوار حلیم عادل شیخ نے این اے 238 کے نتائج، این اے 128 لاہور سے سلمان اکرم راجا، سیالکوٹ این اے 71 آزاد امیدوار ریحانہ ڈار اور پی پی 169 سے میاں محمود الرشید نے نتائج کو چیلنج کیا۔ دوسری جانب قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف نے بھی این اے 15 کا نتیجہ عدالت میں چیلنج کردیا۔

حلیم عادل شیخ

آزاد امیدوار اور تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے این اے 238 کے نتائج کو سندھ ہائیکورٹ میں چینلج کردیا، حلیم عادل شیخ نے بیرسٹر علی طاہر کے توسط سے درخواست دائر کی۔ بیرسٹر علی طاہر نے کہا کہ فارم 45 کے مطابق حلیم عادل شیخ نے حلقے میں 71 ہزار سے زائد ووٹ لیے، فارم 47 میں نتائج کو تبدیل کرکے ایم کیوایم امیدوار کو کامیاب قرار دے دیا گیا۔

مزید پڑھیں

بیرسٹر علی طاہر نے کہا کہ امیدوار صادق افتخار کو 54 ہزار ووٹوں سے کامیاب قرار دے دیا گیا ہے، عدالت سے استدعا کی جاتی ہے کہ ایم کیوایم امیدوار صارق افتخار کو کامیاب قرار دیے جانے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔

ارسلان خالد

کراچی کے این اے 248 سے آزاد امیدوار ارسلان خالد نے بھی انتخابی نتائج چیلنج کردیے، دائر کردہ درخواست کے مطابق فارم 45 کے مطابق 65 ہزار ووٹ ووٹ حاصل کیے، لیکن آر او نے فارم 47 میں ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی کو کامیاب قرار دے دیا گیا۔ فارم 47 کو معطل کیا جائے اور نتیجہ روکا جائے۔

ریحانہ ڈار

لاہور ہائیکورٹ میں خواجہ آصف کی کامیابی اور فارم 47 کا نتیجہ بھی چلینچ کردیا گیا۔ آزاد امیدوار ریحانہ ڈار نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی، درخواست میں ریٹرنگ افسر، الیکشن کمیشن، خواجہ آصف سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

ریحانہ ڈار نے موقف اپنایا کہ خواجہ آصف فارم 45 کے مطابق ہار چکے ہیں، خواجہ آصف نے مبینہ ملی بھگت سے فارم 47 میں خود کو فاتح قرار دیا، ریٹرنگ افسر نے مبینہ طور پر خواجہ آصف کو فاتح قرار دیا، فارم 45 کے نتائج ہمارے پاس موجود ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے کا حکم دے اور فارم 47 کا نتیجہ کالعدم قرار دے۔

میاں محمود الرشید

لاہور سے ہی سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے مخالف امیدوار کی کامیابی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنچ کردیا۔ درخواست میں ریٹرنگ افسر، الیکشن کمیشن، خواجہ آصف سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ خالد کھوکھر فارم 45 کے مطابق ہار چکے ہیں، خالد کھوکر نے مبینہ ملی بھگت سے فارم 47 میں خود کو فاتح قرار دیا۔

سلمان اکرم راجا

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 لاہور سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجا نے انتخابی نتائج کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔

انتخابی نتائج جاری ہونے کے بعد سلمان اکرم راجا لاہور ہائیکورٹ پہنچے جہاں انہوں نے این اے 128 لاہورکے نتائج جاری کرنے کے اقدام سے متعلق درخواست جمع کروائی، تفصیلات کے مطابق رجسٹرار آفس کی جانب سے سلمان اکرام راجا کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی، جسٹس علی باقر نجفی سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت کریں گے۔

میاں محمد نواز شریف

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے این اے 15 مانسہرہ کا انتخابی نتیجہ چیلنج کر دیا۔ سابق وزیراعظم نے الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ مانسہرہ کے کئی علاقوں میں برف باری کے باعث رابطوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے درخواست میں کہا کہ 125 سے زائد پولنگ اسٹیشنوں سے فارم 45 نہیں پہنچے لیکن نتائج کا اعلان کردیا گیا، اس لیے این اے 15 سے نتیجے کو روکا جائے۔

اب تک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق نواز شریف اس حلقے سے ہار گئے ہیں۔

شعیب شاہین

پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شعیب شاہین نے این اے 47 کے آر او کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ گزشتہ روز حلقہ این اے 47 آئی سی ٹی (اسلام آباد) 2 کے تمام 387 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ آیا  تھا جس کے مطابق ن لیگ کے طارق فضل چوہدری 102502 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp