مخصوص نشستوں پر ڈاکے کیخلاف احتجاج کریں گے، حلیم عادل شیخ

جمعرات 7 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ایک مرتبہ پھر الیکشن کمیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے بانی چیئرمین عمران خان کی کال پر سندھ میں بھی اتوار کو بھرپور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

اپنے وڈیو پیغام میں حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی مخصوص نشستوں پر ڈاکے کے خلاف، فارم 45 میں الیکشن کمیشن کی جعلسازی پر سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں پرامن احتجاج کیا جائے گا۔

’چیف الیکشن کمیشن اور ان کی ٹیم آئین، قانون اور اصولوں کا قتل عام کر رہے ہیں، ہماری مخصوص نشستوں پر ڈاکا ڈالا گیا ہے، ڈاکا ڈالنے والے چیف الیکشن کمشنر اور اس کے چالیس چور تھے۔‘

حلیم عادل شیخ کے مطابق 2 روز قبل وائٹو لگا کر اووررائٹنگ کرکے فارم 45 الیکشن کمیشن نے اپ لوڈ کیے، انہیں کوئی فکر نہیں ہے کہ کوئی پوچھے گا، فارم 45 نے انہیں بے نقاب کر دیا ہے، الیکشن کمیشن کی جعلسازی سے پوری دنیا میں بدنامی ہوئی ہے۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ پوری قوم کو پتا چل گیا کہ پی ٹی آئی کا مینڈیٹ کس طرح سے چھینا گیا، پی ٹی آئی بانی چیئرمین عمران خان نے بروز اتوار کو بھرپور احتجاج کا اعلان کیا ہے، خیبر پختونخوا میں جلسہ ہوگا، پنجاب میں احتجاج ہوں گے، سندھ بھرمیں ہم پرامن احتجاج کریں گے۔

حلیم عادل شیخ کے مطابق سندھ کے شہروں میں ان کی جماعت کے عہدیداراورکارکنان مشترکہ طورپرووٹرزکے حق پرڈاکے کے خلاف کراچی، حیدرآباد اور سکھر سمیت تمام چھوٹےبڑے شہروں میں بھرپوراحتجاج کریں گے۔ ’احتجاج کرنا ہمارا جمہوری اور آئینی حق ہے، امید ہے کہ بلاول زرداری کی سندھ حکومت اس میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp