3 سیاسی خاندانوں کے تمام افراد الیکشن میں کامیاب

ہفتہ 10 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں کئی سیاسی خاندانوں نے حصہ لیا مگر صرف 3 خاندانوں کے تمام افراد ان انتخابات میں کامیاب ہوئے۔

عام انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق شریف، زرداری اور گیلانی خاندان کے تمام افراد اپنے حلقوں سے الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

شریف خاندان کے تمام افراد میاں نوازشریف، اُن کے بھائی شہباز شریف، بیٹی مریم نواز اور بھتیجے حمزہ شہباز شریف نے لاہور کے مختلف حلقوں سے کامیابی حاصل کی۔

زرداری خاندان میں آصف زرداری، ان کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری، بہنیں فریال تالپور اور ڈاکٹر عذرا پیچوہو اور اور بہنوئی منور علی تالپور نے سندھ میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے کامیابی سمیٹی۔

 گیلانی خاندان ملتان میں قومی اسمبلی کی 3 اور صوبائی اسمبلی کی ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ یوسف رضا گیلانی، بیٹے علی موسیٰ گیلانی اور عبدالقادر گیلانی قومی اسمبلی کی نشستوں پر جبکہ بیٹا علی حیدر گیلانی پنجاب اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہوئے۔

الیکشن 2024 میں بعض اہم سیاسی خاندانوں کے افراد کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی ملتان کے حلقے سے الیکشن میں کامیاب جبکہ بیٹی مہر بانو کو شکست ہوئی۔

جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن پشین سے کامیاب ہوئے تاہم ان کے بیٹوں اسعد محمود اور اسجد محمود، اور بھائیوں مولانا لطف الرحمن اور ضیا الرحمن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp