پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد وفاق میں حکومت بنانے کا اعلان کرنے والی مسلم لیگ ن کو ایک اور کامیابی ملی ہے اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 253 سے جیتنے والے آزاد امیدوار مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔
میاں محمد خان بگٹی نے قائد ن لیگ نوازشریف اور شہبازشریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
مزید پڑھیں
میاں محمد خان بگٹی این اے 253 کوہلو، ہرنائی، ڈیرہ بگٹی کے حلقے سے 46 ہزار 683 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے میاں محمد خان بگٹی کو ٹیلی فون کیا اور ان کی شمولیت کا خیرمقدم کیا۔
شہباز شریف نے کہاکہ آپ کے فیصلے پر آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ن لیگ کا ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا، محمد خان بگٹی
اس موقع پر میاں محمد خان بگٹی نے کہاکہ میں مسلم لیگ (ن) میں باضابطہ شامل ہورہا ہوں، مجھے مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ نہیں ملا تھا جس کے باعث آزاد حیثیت سے انتخاب میں حصہ لیا۔
’مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ نہیں ملا تھا، آزاد جیت کر اب مسلم لیگ (ن) میں شامل ہورہا ہوں‘ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 253سے آزاد امیدوار میں میاں محمد خان بگٹی نواز شریف کے قافلے میں شامل ہو گئے۔ @pmln_org #ElectionResults #Elections2024 #PMLN #WENews pic.twitter.com/qdKyWKcxYM
— WE News (@WENewsPk) February 10, 2024
انہوں نے کہاکہ میں اپنے حلقے کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔
بیرسٹر عقیل ملک بھی ن لیگ کا حصہ بن گئے
اِدھر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے54 سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے جیتنے والے بیرسٹر عقیل ملک بھی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔
بیرسٹر عقیل ملک سیاست کے دو روایتی حریفوں چوہدری نثار اور غلام سرور خان کو شکست دے کر کامیاب ہوئے۔ انہوں نے 85 ہزار 912 ووٹ حاصل کیے۔
انہوں نے کہاکہ یہ نشست پہلے بھی نوازشریف کی تھی، اب بھی نوازشریف کی ہے، میں مسلم لیگی تھا اور مسلم لیگی ہی رہوں گا۔
اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے بیرسٹر عقیل ملک کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور مبارکباد پیش کی۔