پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 280 سے آزاد منتخب رکن شہاب الدین نے ’چھینہ گروپ‘ سے تعلق کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ میں بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی حمایت سے آزاد امیدوار منتخب ہوا ہوں، ن لیگ میں شمولیت کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
حلقہ پی پی 280 سے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے ٹکٹ پر آزاد حیثیت میں منتخب ہونےوالے صوبائی اسمبلی کے رکن شہاب الدین نے اپنا ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ہمارا ’چھینہ گروپ‘ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں بانی پی ٹی آئی کی حمایت سے آزاد منتخب ہوا ہوں اور آخری وقت تک پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہی کھڑا رہوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے ’چھینہ گروپ‘ سے تعلق اور ن لیگ میں شمولیت کے حوالے سے میڈیا میں چلنے والی خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔