کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں انتخابی نتائج کے خلاف آل پارٹیز کی اپیل پر شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے، جس کے باعث قومی شاہراہیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔ مظاہرین کے مطابق انتخابات میں دھاندلی کرکے ان کے امیدواروں کو ہرایا گیا ہے، ایسا نتیجہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور انتخابی نتائج میں رد و بدل کے خلاف پشتون خوا ملی عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور نیشنل پارٹی کی کال پر کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔ ہڑتال کے باعث تمام چھوٹے بڑے کاروباری تجارتی مراکز دکانیں بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے۔
مزید پڑھیں
کوئٹہ میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر آل پارٹیز کا احتجاجی دھرنا آج پانچویں روز میں داخل ہو چکا ہے۔ مظاہرین کے مطابق انتخابات میں دھاندلی کرکے ان کے امیدوار کو ہرایا گیا ہے ایسا نتیجہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔
فارم 45 کے مطابق انتخابی نتائج جاری کیے جائیں۔ دوسری جانب اندرون بلوچ مختلف اضلاع میں بھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے قلعہ سیف اللہ، نوشکی، سبی اور پشین میں قومی شاہراہوں کو بند کر رکھا ہے جس کے سبب قومی شاہراہوں پر آمدورفت معطل ہے۔
واضح رہے بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور قومی شاہراہوں کی بندش سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔