پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء حامد خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس یہ بہترین موقع ہے کہ وہ الیکٹیبلز کے بجائے نظریاتی لوگوں کو ٹکٹس دیں۔ ’ہمیں پوری امید ہے کہ اس بار پارٹی چیئرمین ٹکٹوں کی تقسیم میں ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔‘
وی نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین ایڈوائزری کونسل کے سربراہ حامد خان نے کہا کہ ٹکٹ کی تقسیم کے حوالے سے رپورٹ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو پیش کردی ہے۔ اس رپورٹ میں عام انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق سفارشات مرتب کی گئی ہیں۔
ایڈوائزری کونسل کی رپورٹ کے مطابق سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والے ارکان کو پارٹی ٹکٹ جاری نہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ ماضی میں کرپٹ پریکٹسز میں ملوث ارکان کو بھی پارٹی ٹکٹ جاری نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کی مقبولیت کا عروج مدنظر رکھتے ہوئے یہی وقت ہے کہ الیکٹیبلز کے بجائے پارٹی کے پرانے، مخلص اور نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ دیاجائے۔
ایڈوائزری کونسل کی رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ماضی میں جو افراد بار بار پارٹیاں تبدیل کر چکے ہیں اور جن کی وفاداریاں وقت کے ساتھ تبدیل ہوئی ہیں انہیں عام انتخابات میں ٹکٹ جاری کرنے کے بجائے نظریاتی کارکنان کو ترجیح دی جائے۔
رپورٹ میں اس بات کی بھی سفارش کی گئی ہے کہ نیب زدگان اور ماضی میں کرپشن میں ملوث افراد کو پارٹی کا ٹکٹ الاٹ نہ کیا جائے۔
“صاف اور شفاف نوجوان قیادت کو پارٹی کا ٹکٹ دے کر ملک میں الیکٹیبلز کی سیاست کے بجائے نوجوان قیادت کو مواقع فراہم کرنا چاہییں۔”
“پارٹی ٹکٹس پر کافی کام کر چکا ہوں، کچھ باقی ہے“
پارٹی ٹکٹس کی تقسیم کے حوالے سے سابق وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کو زمان پارک میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ اس مرتبہ پارٹی ٹکٹس سوچ سمجھ کر دیں گے اور اس سارے عمل کی نگرانی وہ خود کررہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں کافی حد تک کام کر لیا ہے اور کچھ کرنا باقی ہے۔ “پارٹی ٹکٹس دستیاب سیاستدانوں کو ہی دینے ہیں، لیکن ہماری کوشش ہوگی کہ اس بار بہترین لوگوں کو میدان میں اتاریں۔”