عمران خان نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کے لیے امیدوار نامزد کردیا

جمعرات 15 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عمران خان  نے عمر ایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا ہے۔ رہنما تحریک اںصاف اسد قیصر نے بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے بعد عمر ایوب کے نام کا اعلان کیا۔ عمران خان کی جانب سے خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر کے لیے اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

وزارت عظمیٰ کے امیدوار عمر ایوب ہوں گے

رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے وزیر اعظم کے امیدوار کے لیے عمر ایوب کا نام دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم حکومت بھی بنائیں گے۔ ان کی جانب سے خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر کے لیے عاقب اللہ کو نامزد کیا گیا، پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے لیے ابھی تک کسی امیدوار کو نامزد نہیں کیا گیا ہے۔

’مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کریں گے‘۔

عمران خان نے سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے۔ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے رابطہ کریں گے۔ بانی پاکستان تحریک انصاف آج شام دھاندلی کے خلاف احتجاج کی تاریخ دیں گے۔ یہاں سے نکل کر جماعت اسلامی، جے یو آئی اور اے این پی سمیت دیگر جماعتوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔

اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملک کر حکمت عملی بنائیں۔ عمران خان کے سامنے انتخابات کا منظرنامہ رکھا ہے جس پر انہوں نے واضح پیغام دیا ہے کہ ہم مستعفی نہیں ہوں گے بلکہ قانونی جنگ لڑیں گے۔ قومی اسمبلی میں بیٹھیں گے اور عوام کے حق کے لیے بات کریں گے۔

یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بدترین الیکشن ہوا ہے، اسد قیصر

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف چاہتی ہے کہ ان جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں، ایک دو روز میں پارلیمانی بورڈ کا اجلا س بلائیں گے۔ دھاندلی کے خلا ف ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور احتجاج کریں گے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے نام پر ابھی بات نہیں ہوئی ہے، آج 10 مہینے بعد اپنے لیڈر سے ملاقات کی ہے، مل کر خوشی ہوئی اور تمام تر مشاورت مکمل کی۔ بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ امریکا کا ہمارے انتخابات پر بیان کاسمیٹکس ہے۔

’امریکا نے ہمیشہ پاکستان میں ڈکٹیٹر شپ اور کرپٹ سیاست دانوں کو سپورٹ کیا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ امریکا پوری دنیا میں جمہوریت کا راگ الاپتا ہے، لیکن امریکا اور یورپ نے پاکستان کے انتخابات پر چپ سادھ لی ہے۔ امریکا کی خاموشی پر ہمیں تشویش ہے امریکا کو پاکستان کے حالیہ انتخابات پر بولنا چاہیے اور انتخابی دھاندلیوں پر نظر رکھنی چاہیے۔

اسٹبلشمنٹ کا پیغام لے کر نہیں آیا، اسد قیصر

اسد قیصر نے کہا کہ اڈیالہ جیل اسٹبلشمنٹ کا پیغام لے کر نہیں آیا، بلکہ بانی پی ٹی آئی کا 29 سال کا ساتھی ہوں، ہائی کورٹ کے احکامات پر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی ہے انتخابات میں عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، اس دھاندلی کو نہیں مانیں گے۔ چیف جسٹس سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ ملک میں قانون کو اوپر لایا جائے۔ فارم 45 میں الگ رزلٹ ہے اور فارم 47 کے نتائج الگ ہیں۔

’ہمیں جلسے نہیں کرنے دیے گئے، ہمارے امیدواروں کو جیلوں میں ڈالا گیا، انتخابات کے نتائج کے خلاف ہم احتجاج کریں گے اور عوام کے پاس جائیں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن دھاندلی سے متعلق اپنے تحفظات ظاہر کیے ہیں، جس کو ووٹ ملا اس کو حکومت کا حق ہے، الیکشن سے 2 دن پہلے ہمارے ووٹرز اورسپورٹرز کوجیلوں میں ڈالا گیا۔

بیرسٹر سیف کی گفتگو

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی نے عاقب اللہ کو کے پی میں اسپیکر کیلے نامزد کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا انتخابات پر جس طرح امریکا کو آواز بلند کرنی چاہیے تھی اس نے نہیں کی، بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا کہ امریکا کے پاس موقع ہے کہ اپنی غلطیوں کا ازالہ کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp