پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ہفتہ 17 فروری کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ہم پُرامن احتجاج کریں گے، اور تمام پارٹیوں کو دعوت دیتے ہیں کہ دھاندلی کے خلاف احتجاج میں شریک ہوں۔
Related Posts
انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن اور عدلیہ سے ہماری درخواست ہے کہ 70 حلقوں کے کیسز کا فوری فیصلہ کریں، ہم کسی صورت اپنا مینڈیٹ چوری نہیں کرنے دیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے واضح کہا ہے کہ ہم مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے وزیراعظم کے لیے عمر ایوب کا نام فائنل کیا ہے، پنجاب کے وزیراعلیٰ کے لیے میاں اسلم ہمارے امیدوار ہوں گے۔ جبکہ بلوچستان کے لیے سالار کاکڑ کے نام کی منظوری دی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے لیے ابھی تک اسپیکر کے نام کا فیصلہ ہوا ہے اور عاقب اللہ ہمارے امیدوار ہوں گے۔ مرکز میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے ہمارے امیدواروں کا اعلان پرسوں تک کر دیا جائے گا۔
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ تحریک انصاف عام انتخابات میں 180 نشستیں جیت چکی ہے۔ ہم اس معاملے کو ہر فورم پر لے کر جائیں گے۔
عوام دھاندلی کے خلاف باہر نکلیں، شیر افضل مروت
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہاکہ قوم ہفتہ کے روز دھاندلی کے خلاف احتجاج کے لیے نکلے ورنہ آئندہ 10 الیکشن میں بھی چوری کا سلسلہ نہیں رکے گا۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے پیپلزپارٹی کے پیغامات عمران خان کے سامنے رکھے مگر انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ہم ان کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے۔
شیر افضل مروت کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو عوام کو بتا دیں یہ مینڈیٹ پر ڈاکا ہی نہیں قوم کی آزادی کو سلب کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کا فارم 45 کے ساتھ انٹرنیشنل میڈیا کو بریفنگ دینے کا اعلان
شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ کل دن 2 بجے ہم انٹرنیشنل میڈیا کو فارم 45 کے ساتھ بریفنگ دینے جا رہے ہیں جس میں یہ بتایا جائے گا کہ کس طرح ہمارے جیتے ہوئے لوگوں کو ہرایا گیا۔