تحریک انصاف، جے یو آئی رابطے بحال: دونوں جماعتیں ماضی میں کیا موقف رکھتی تھیں؟

جمعرات 15 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک کی 2 اہم سیاسی جماعتیں جمعیت علما اسلام اور پاکستان تحریک انصاف ایک بار پھر سے ایک پیج پر کھڑے ہونے کے لیے تیار نظر آ رہی ہیں۔ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر اور بانی پی ٹی آئی کی ملاقات ہوئی، جس میں عمران خان نے اسد قیصر کو اس بات کی اجازت دی کہ وہ مولانا فضل الرحمان سے بات چیت شروع کریں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران اشارے میں مولانا فضل الرحمان نے بات کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی والے بھی ایک اللہ کو مانتے ہیں اور ہم بھی، اس لیے ان سے بات چیت میں کوئی عار نہیں ہے۔

اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اب پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان فاصلے ختم ہو سکتے ہیں۔ مگر عمران خان اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان نوک جھونک ہمیشہ سے ایک الگ ہی نوعیت کی رہی ہے۔ جس کی وجہ سے دونوں جماعتوں نے ماضی میں ایک دوسرے کو بہت کچھ کہا ہے۔

’تمہاری چھوٹی چھوٹی تتلیوں کے پر برداشت نہیں کر پائیں گے‘

ماضی میں مولانا فضل الرحمان نے اپنے ایک بیان میں عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی خواتین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ’ہم فضا کو اتنا گرم کر دیں گے کہ تمہاری یہ جو چھوٹی چھوٹی تتلیاں ہیں ان کے پر برداشت نہیں کر سکیں گے‘ جس کے بعد پی ٹی آئی کی خواتین کی جانب سے خیبرپختونخوا اسمبلی میں مولانا فضل الرحمان کے خلاف خواتین کے بارے میں مبینہ نازیبا زبان کے استعمال پر اسمبلی سیکریٹریٹ میں قرارداد جمع کرائی گئی۔

’یہ یہودی ایجنٹ ہے‘

ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے عمران خان کے بارے میں کہا تھا کہ ’یہ یہودیوں کا ایجنٹ ہے‘ اس کے علاوہ وہ ایک جلسے میں تقریر کے دوران بھی یہ کہتے نظر آئے کہ 2018 کے انتخابات میں عمران خان کو فنڈنگ ہندوستان اور اسرائیل سے ہوئی، اس کے علاوہ قادیانی لابی نے بھی فنڈنگ میں حصہ ڈالا۔

’عمران خان نے اداکاری میں شاہ رخ اور سلمان خان کو پیچھے چھوڑ دیا‘

ایک پریس کانفرنس کے درمیان مولانا فضل الرحمان نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان نے اداکاری میں شاہ رخ اور سلمان خان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ٹکڑے گولی کے نہیں بم کے ہوتے ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ 5 سے 6 دنوں میں مشکل سے لاہور سے گوجرانوالہ پہنچے اور گولی لگتے ہے اتنی تیزی سے دوڑتا ہے کہ ایک گھنٹے میں لاہور پہنچ گیا۔

دوسری جانب عمران خان بھی اپنے جلسوں اور تقاریر میں مولانا فضل الرحمان کو مختلف ناموں سے پکارنے کے علاوہ ان کے کیریکٹر کے بارے میں بیان دیتے رہے ہیں۔

’فضل الرحمن کو مولانا کہنا گناہ ہے‘

ایک تقریر کے دوران عمران خان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ عزت ذلت دینے والا اللہ ہے۔ دینی آدمی کو اللہ عزت دیتا ہے، یہ اللہ کی باتیں کرتا ہے، اس کو عزت ملنی چاہیے لیکن عوام اس کو مختلف ناموں سے بلاتے ہیں۔ شرم کی بات ہے۔

’ فضلو سن لو، کیونکہ اس کو مولانا کہنا گناہ ہے‘

https://www.facebook.com/share/v/Xme5fe9mxVw1A6aE/?mibextid=jmPrMh

’ڈیزل کے پرمٹ پر خود کو بیچتا ہے‘

ایک جلسے میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ ’یہ طاقتور ڈاکو جس میں زرداری، نواز شریف، چیری بلاسم اور وہ جو ڈیزل کے پرمٹ پر خود کو بیچتا ہے‘۔

یاد رہے کہ اس کے علاوہ بھی عمران خان مولانا فضل الرحمان کو مختلف تقاریر میں مولانا فضل الرحمان کو نازیبا ناموں سے پکارتے رہے ہیں۔

’مولانافضل الرحمان ایک مقناطیس ہے، جہاں پاور ہو وہاں جڑ جاتا ہے‘

ایک تقریر کے دروان عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مولانافضل الرحمان ایک مقناطیس ہے، جہاں پاور ہو وہاں جڑ جاتا ہے۔‘ اسی تقریر میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک ہوتا ہے ’پاور سیکنگ میزائل لیکن مولانا پاور سیکنگ میزائل ہے، جدھر اقتدار ہے وہاں مولانا فضل الرحمان پہنچ کر کشمیر کمیٹی کا چیئرمین ضرور بنتا ہے‘۔

جس کا جواب دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مقناطیس دوسروں کو اپنی جانب کھینچتا ہے اور ہم حکومتوں کو اپنی طرف کھینچتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp