مولانا فضل الرحمان نے ’ یہودی ایجنٹ‘ کو بطور سیاسی نعرہ استعمال کرنے کی بات نہیں کی، ترجمان جے یو آئی

جمعہ 17 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ) پنجاب کے ترجمان حافظ غضنفر عزیز نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے ایسا کہیں نہیں کہا کہ  عمران خان کو یہودی ایجنٹ کہنا ان کا سیاسی نعرہ تھا، ان کے اس بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں ترجمان جمیعت علماء اسلام (جے یو آئی) پنجاب کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی ملتان  میں  بدھ 15 مئی کی پریس کانفرنس کی بات کو غلط انداز میں میڈیا پر پیش کیا گیا، مولانا فضل الرحمان نے ایسا کہیں نہیں کہا کہ ان کا عمران خان کو ’یہودی ایجنٹ‘ کہنا محض ایک سیاسی نعرہ تھا۔

ترجمان جے یو آئی پنجاب حافظ غضنفر عزیز کا کہنا ہےکہ سربراہ جمیعت مولانا فضل الرحمان  کے بیان کو اس طرح پیش کرنا غلط ہے۔ وہ  جمیعت علماء اسلام کے اصولی موقف کو  غلط رنگ دیے جانےکی مذمت کرتے ہیں۔

حافظ غضنفر عزیز کا کہنا تھا کہ  مولانا فضل الرحمان کے بیان کو غلط رنگ دینے کے نتیجے میں سوشل میڈیا پر ’چائےکی پیالی میں طوفان کھڑا ‘ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ مولانا اتنا کہا کہ عمران خان کو مجھ سے پوچھنا چاہیے تھا کہ میں ان کو یہودی ایجنٹ کیوں کہتا ہوں، مولانا فضل الرحمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ برصغیر میں کسی کو انگریز کا ایجنٹ کہنا یا امریکا کا ایجنٹ کہنا ایک عنوان ہے کوئی گالی نہیں ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ جب ایک عالمی معاشی نیٹ ورک ہے اور اس پر پنجہ یہودیوں کا ہے اور پھر اسی نیٹ ورک میں جب میرے ملک کو بھی ڈالا جا رہا ہو، یہاں پر جب سود کو حرام قرار دیا جا رہا ہو اور میں عالمی سطح پر پھر اسی سودی نظام کے مطابق چلوں گا تو اس سے ہمیں اختلاف ہے، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس کے حوالے سے اگر میں نے یہودی ایجنٹ کہا ہے تو پھر اسے گالی کیوں سمجھا گیا ہے، اسے سنجیدگی سے کیوں نہیں لیا گیا؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp