پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت بلوچستان میں صوبائی امیدواروں سے لاعلم نکلی

جمعرات 15 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینیئر قیادت بلوچستان سے الیکشن میں حصہ لینے والے صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کے حوالے سے ہی لاعلم نکلی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی کے قائم مقام چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہاکہ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت بلوچستان میں سالار کاکڑ کو وزیراعلیٰ کا امیدوار نامزد کرتی ہے۔

پی ٹی آئی کی طرف سے وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیے نامزد سالار خان کاکڑ رکن اسمبلی ہی منتخب نہیں ہوئے۔ سالار خان کاکڑ قومی اسمبلی کی نشست این اے 263 سے امیدوار تھے۔

سالار خان کاکڑ نے کسی بھی صوبائی اسمبلی کی نشست پر الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔ پی ٹی آئی کا حمایت یافتہ کوئی بھی آزاد امیدوار صوبائی اسمبلی کی نشست نہیں جیت سکا۔

دوسری جانب نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں پی ٹی آئی کی قیادت پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ کے لیے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار قومی اسمبلی کے حلقے پر انتخابات میں کھڑے ہوئے تاہم اپنی قومی اسمبلی کی نشست پر بھی ناکام رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp