نگراں وفاقی کابینہ کا اجلاس: گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری

جمعرات 15 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وفاقی کابینہ نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی جانب سے ایک روز قبل گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔ اب وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد کمرشل اور گھریلو صارفین پر بوجھ بڑھ جائے گا۔

پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں 100 روپے جبکہ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے 300 روپے فی ایم بی ٹی یو اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ جو صارفین بڑی مقدار میں گیس کا استعمال کرتے ہیں ان کے لیے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمتوں میں 900 روپے تک اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔

گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس، نئے ٹائروں کی کراچی سے کابل منتقلی کی بھی منظوری

دریں اثنا وفاقی کابینہ نے اپنے اجلاس کے دوران مختلف اہم امور کی بھی منظوری دی۔ وزارت تجارت کی سفارش پر اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی)کے تحت افغانستان کنٹری آفس کے زیر استعمال گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس اور نئے ٹائروں کی کراچی پورٹ سے کابل منتقلی کی منظوری دی گئی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ ملک میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے ایسی درآمدات اور ان کی افغانستان منتقلی کی ممانعت ہے تاہم اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مذکورہ سپئیر پارٹس اور ٹائر ز اقوام متحدہ کے استعمال میں ہوں گے اور انہیں کاروباری استعمال میں نہیں لایا جائے گا۔

وفاقی کابینہ نے وزارت دفاعی پیداوار کی سفارش پر سیکریٹریٹ گروپ کے گریڈ 20 کے افسر خان نواز کی ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا میں بطور ممبر فنانس دوبارہ تعیناتی کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر جے ایس بینک کے سپانسرنگ شیئر ہولڈر شبیر احمد رندیری کو بینکنگ کمپنیز آرڈیننس کے سیکشن (IV)(1)14 سے استثنیٰ دینے کی بھی منظوری دے دی، اس استثنیٰ کے تحت شبیر احمد 7.06 فیصد سپانسرنگ شیئر ہولڈر کی حیثیت سے جے ایس بینک لمیٹڈ میں اپنا ووٹنگ کا حق استعمال کر سکیں گے۔

کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر دوہری شہریت کے حامل ملزم عرفان قادر بھٹی کو ناروے کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ ملزم پر حکومت ناروے کی جانب سے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا الزام ہے، اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنراسلام آباد کو بطور انکوائری آفیسر تعینات کیا گیا تھا جو بعد از تفتیش اس نتیجہ پر پہنچے کہ ملزم دہشت گردی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے، ان معلومات کی روشنی میں وفاقی کابینہ نے ملزم کو ناروے کے حوالے کرنے کی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی سفارش پر منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال کی خالی آسامی پر سید طارق محمد الحسن کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

غیر ملکی براڈکاسٹرز کو ادائیگیوں کی منظوری

کابینہ نے وزارت اطلاعات و نشریات کی سفارش پر پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کی جانب سے غیر ملکی براڈکاسٹرز کو کھیلوں کے مقابلوں کے نشریاتی حقوق کی مد میں ادائیگیوں کی اجازت بھی دے دی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 6 فروری 2024 ،کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 7 فروری 2024 ،کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 7 فروری 2024 اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 7 فروری 2024 اور 14 فروری 2024 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یکم فروری سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp