پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ ہم پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے ساتھ اتحاد نہیں کر رہے ہیں، جماعت اسلامی، جے یو آئی سمیت دیگر جماعتوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عامر ڈوگر نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے ساتھ ہم 2013 میں اپوزیشن بینچوں پر اکٹھے بیٹھتے رہے، اب اس پارلیمان کو آگے چلنا ہے اس لیے ہم عمران خان کی ہدایت کے مطابق ہی کوئی بھی فیصلہ کریں گے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ جمعیت علما اسلام کی قیادت کے ساتھ ہماری ملاقات اچھے ماحول میں ہوئی، اور ایک نکتے پر اتفاق ہوا کہ الیکشن میں مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے۔
عامر ڈوگر نے کہاکہ حالیہ انتخابات سے قبل ہی لگ رہا تھا یہ متنازعہ ہوں گے اور بالآخر وہی ہوا۔ ’سیاسی اور معاشی استحکام کے بجائے پولرائزیشن مزید بڑھ گئی ہے‘۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان یا کسی کی ذات کا مسئلہ نہیں، ملک کو آگے لے کر جانا اصل معاملہ ہے۔
عامر ڈوگر نے نواز شریف کو لاڈلا قرار دے دیا
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے نواز شریف کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ایک لاڈلے کو جس طرح سے سہولت دی گئی وہ سب کے سامنے ہے۔ ضروری ہے کہ آئین کے مطابق ہی ملک و قوم کو آگے لے کر جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علما اسلام کی قیادت کے ساتھ جو بات چیت ہوئی ہے وہ اس معاملے کو اپنی شوریٰ کے سامنے رکھیں گے جبکہ ہم بھی کور کمیٹی میں اس پر مشاورت کریں گے، کیونکہ دونوں جماعتوں کی آپس میں دوریاں رہی ہیں۔
عامر ڈوگر نے کہاکہ ہماری جماعت اسلامی کی قیادت کے ساتھ بھی بات چیت چل رہی ہے اور آج ہونے والی ملاقات نتیجہ خیز ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کا پنجاب اور وفاق میں مجلس وحدت المسلمین جبکہ پختونخوا میں جماعت اسلامی کے ساتھ حکومت بنانے کا اعلان
واضح رہے کہ ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ پی ٹی آئی کے جیتنے والے امیدوار چونکہ آزاد ہیں اس لیے ضروری ہے کہ مخصوص نشستیں حاصل کرنے کے لیے کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد کیا جائے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی نے وفاق اور پنجاب میں مجلس وحدت المسلمین کے ساتھ مل کر جبکہ خیبرپختونخوا میں جماعت اسلامی کے ساتھ حکومت بنانے کا اعلان کر رکھا ہے، تاہم اب ان کی جمعیت علما اسلام کی قیادت سے بھی ملاقات ہو چکی ہے۔