بلوچستان اسمبلی کے ممبر سرداریارمحمد رند کے بیٹے میرسردارخان رند کے قافلے پر بولان کے علاقے سنی شوران میں بم حملہ ہوا ہے۔ جس کے نتیجے میں ان کے 2 محافظ جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ میرسردارخان رند خود اس حملے میں محفوظ رہے۔
مقامی ایس ایچ اوکے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی میتوں اور زخمی کو سول ہسپتال ڈھاڈر منتقل کردیاگیا ہے اور اسسٹنٹ کمشنر ڈھاڈر نے بھی 2محافظوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی سردارخان رندکے قافلے پرحملے کی مذمت
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے رکن اسمبلی سردار یار محمد رند کے صاحبزادے سردار خان رند کے قافلے پر حملے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2 محافظوں کے جاں بحق ہونے کا شدید افسوس ہے۔ اللہ کا شکرہے کہ سردار خان رند دھماکے میں محفوظ رہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر خوف و ہراس کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں، مگر ہم صوبے میں امن وامان کی صورت حال ہر صورت برقراررکھیں گے۔
عبدالقدوس بزنجو نے بم دھماکے میں سردارخان رند کے 2 محافظوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہارکیا اور اس کارروائی میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے متعلقہ اداروں کو تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔