ڈپٹی کمشنر لاہور نے تحریک انصاف کو انتخابی ریلی کی اجازت دینے سے معذرت کرلی ہے اور پی ٹی آئی رہنماؤں سے رابطہ کرکے کہا گیا ہے کہ کرکٹ میچ کی وجہ سےاتوار کو ریلی کی اجازت نہیں دی جاسکتی کیوں کہ کرکٹ میچ کے انعقاد اور ٹیم کی آمد ورفت کی وجہ سے یہ دن انتہائی حساس ہے اور اگر ریلی ملتوی نہ کی گئی تو دفعہ 144 کے نفاذ کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اتوار کے روز دن 2 بجے لاہور میں انتخابی ریلی کی قیادت کااعلان کرتے ہوئے اپنے کارکنوں اور لاہور کے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کے ساتھ باہر نکل کر حکمرانوں کو بتا دیں کہ عوام کو ئی بھیڑ بکریاں نہیں ہیں اور یہ بھی کہا تھا کہ جب تک میرے جسم میں خون کا آخری قطرہ موجود ہے قوم کی حقیقی آزادی کے لیے لڑتا رہوں گا۔
چئیرمین عمران خان نے کل لاہور میں الیکشن ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا- pic.twitter.com/NvdK1MnVFD
— PTI (@PTIofficial) March 11, 2023
عمران خان نے 8 مارچ کوبھی ریلی کااعلان کیا تھا جہاں پولیس نے آپریشن کیا
اس سے قبل عمران خان نے 8 مارچ کو لاہور میں ریلی کااعلان کیا تھا اور اس روز پولیس نے زمان پارک کے باہر جمع ہونے والے تحریک انصاف کے کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے آپریشن کیا تھا اور اس دوران واٹر کینن کا بھی استعمال کیا گیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی نے اپنی انتخابی ریلی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی واضح رہے کہ اسی روز تحریک انصاف کا ایک کارکن جاں بحق ہوگیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی نے اس کی موت کا الزام پولیس پرعائد کیا تھا کہ اسے حراست میں لے کرتشدد کا نشانہ بناتے ہوئے قتل کیا گیا ہے جبکہ پنجاب حکومت اور آئی جی پنجاب کا مؤقف ہے کہ پی ٹی آئی کارکن کی موت حادثے میں ہوئی ہے اور عمران خان نے اس کی انکوائری کے لیے بھی جوڈیشل انکوائری کامطالبہ کررکھا ہے۔
زمان پارک میں آج علی بلال عرف ضل شاہ کی فاتحہ خوانی ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی،
VC : @StaunchInsafi pic.twitter.com/76vaSnwGOf
— PTI (@PTIofficial) March 11, 2023