گلگت بلتستان کے کاربن کریڈٹ کی فروخت کے لیے مختلف ممالک اور کمپنیوں سے رابطے شروع

اتوار 18 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان میں 6 کھرب مالیت کا کاربن کریڈٹ موجود ہے۔ محکمہ جنگلات گلگت بلتستان کی ایک سروے اور تحقیق کے مطابق مجموعی طور پر گلگت بلتستان میں 6 کھرب مالیت کا کاربن کریڈٹ موجود ہے۔

مذکورہ کاربن کریڈٹ کی خریداری کے لیے مختلف ممالک اور کمپنیوں نے گلگت بلتستان حکومت سے رابطے بھی شروع کردیے ہیں تاہم شرائط و ضوابط تاحال حتمی شکل اختیار نہیں کر سکے، اس وقت محض ابتدائی مرحلے کی خط و کتابت جاری ہے۔

واضح رہے کہ دُنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم سے کم کرنے اور 10 سالہ منصوبوں اور اہداف کی روشنی میں یہ طے پایا تھا کہ جو ممالک اور کمپنیز کاربن کا اخراج کرکے ماحول کو آلودہ کر رہی ہیں ان پر یہ بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دنیا کے ان ممالک کا کاربن جذب کرنے کی مد میں سپورٹ کریں اور کاربن جذب اور اخراج کو برابر کریں تاکہ ماحول کو آلودہ کرنے سے بچاجاسکے یا کم سے کم کیا جاسکے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ جنگلات گلگت بلتستان نے اس حوالے سے اپنا سروے اور جائزہ مکمل کرلیا ہے اور کاربن کریڈٹ، جو یہاں کے درخت اور جنگلات جذب کررہے ہیں، کی مالیت کا تخمینہ 6 کھرب سے زیادہ لگایا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ کریڈٹ کی خریداری کے لیے بین الاقوامی کمپنی ایمیریٹس، جو دبئی کی ہوا بازی کی کمپنی ہے، نے بھی رابطہ کیا ہے جبکہ اس کے علاوہ بعض یورپین کمپنیوں کے علاوہ متحدہ عرب امارات نے بھی اس بابت اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے تاہم معاملات جلد حتمی شکل اختیار کر لیں گے۔

محکمہ جنگلات گلگت بلتستان کے مطابق بین الاقوامی طور پر کاربن کریڈٹ کا کم سے کم معیار بھی مقرر کردیا گیا ہے۔ جس کے مطابق گلگت بلتستان نے کم از کم 5 کھرب مالیت کا کا کاربن کریڈٹ بطور کم سے کم معیار کے طور پہ برقرار رکھنا ہے اور اس سے زیادہ کو قابل فروخت کے طور پر پیش کیا جاسکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp