حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ جاری، مزید 2 آزاد ارکان مسلم لیگ ن میں شامل

پیر 19 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک میں 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کے بعد حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ اور اس دوران آزاد جیتنے والے ممبران اسمبلی اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کو قومی اور پنجاب اسمبلی کی ایک، ایک نشست مزید مل گئی ہے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 12 کوہستان سے آزاد رکن محمد ادریس اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 242 بہاولنگر سے منتخب رکن کاشف نوید پنسوتہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہبازشریف سے محمد ادریس اور کاشف نوید پنسوتہ نے ملاقات کی۔

ملاقات میں مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینیئر امیر مقام ،خواجہ سعد رفیق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، عطااللہ تارڑ اور ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے۔

شہبازشریف نے محمد ادریس اور کاشف نوید پنسوتہ کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارکباد دی، اس موقع پر محمد ادریس اور کاشف نوید پنسوتہ نے قائد ن لیگ نوازشریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

پاکستان کو معاشی خطرات سے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، شہباز شریف

اس موقع پر نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ آپ کا جذبہ لائق تعریف ہے، عوام اور آپ کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کو معاشی خطرات سے بچانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہوئے مسائل کے حل کی اجتماعی سوچ درکار ہے۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہاکہ تعاون اور برداشت کے قومی جذبے سے ہی مسائل کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، مقابلہ الیکشن میں تھا، اب متحد ہوکر پاکستان کو درپیش مسائل کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ انتخابی میدان میں مقابلے کے جذبے کو اب پارلیمان میں تعاون کے جذبے میں بدلنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp