مخصوص نشستیں ہمارا حق ہے، تحریک انصاف نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

پیر 19 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسمبلی میں مخصوص نشستیں حاصل کرنے کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

انٹراپارٹی انتخابات کالعدم ہونے کے باعث پی ٹی آئی کے امیدواروں نے آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا تھا، اب مخصوص نشستیں حاصل کرنے کے لیے تحریک انصاف نے سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کا اعلان کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ جیتنے والے آزاد ارکان اب سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کریں گے جس کے بعد انہیں مخصوص نشستیں مل سکیں گی۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے جن امیدواروں نے مخصوص نشستوں کے لیے کاغذات جمع کروائے اور ان کی سکروٹنی ہوئی ہے ان کو ایڈجسٹ کیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ مخصوص نشستیں تحریک انصاف کا حق ہے، جن امیدواروں نے مخصوص نشستوں کے لیے کاغذات جمع کرائے ہیں وہ پی ٹی آئی کے ممبر ہیں۔

الیکشن کمیشن کسی پارٹی کو ڈی لسٹ نہیں کر سکتا، درخواست گزار

درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست جمع کرانے والے امیدواروں نے ساتھ بیان حلفی بھی دیا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمیشن کسی پارٹی کو ڈی لسٹ نہیں کر سکتا، ایسا کرنا صرف سپریم کورٹ کا اختیار ہے۔

درخواست پی ٹی آئی کے مشال اعظم یوسفزئی نے قاضی انور کی وساطت سے دائر کی ہے، اور اس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ ہماری درخواست پر آج ہی سماعت کی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp