پشاور ہائیکورٹ: مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے پر وزیراعلیٰ اور اسپیکر سے جواب طلب

جمعرات 2 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور ہائیکورٹ نے منتخب ممبران سے حلف نہ لینے کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواستوں پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔

پشاور ہائیکورٹ میں مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران سے حلف نہ لینے کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، کیس کی سماعت جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس وقار احمد نے کی۔

دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ تفصیلی فیصلہ بھی آگیا اور 14 دن بھی پورے ہو گئے ہیں لیکن منتخب ممبران سے حلف نہیں لیا گیا جس پر جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے استفسار کیا کہ تفصیلی فیصلے کے بعد حلف کیوں نہیں لیا؟ تفصیلی فیصلے میں عدالت نے قرار دیا ہے کہ 14 دن میں ممبران سے حلف لیا جائے۔

جس پرعدالت نے وزیراعلیٰ اور اسپیکر صوبائی اسمبلی کو نوٹس جاری کردیا، اور نظر ثانی درخواستیں سماعت کے لیے منظور کرلیں۔

وکیل سپیکر صوبائی اسمبلی علی عظیم آفریدی ایڈوکیٹ نے کہا کہ عدالتی فیصلے سے ہم متاثر ہوئے ہیں، اسپیکر خود سے اسمبلی اجلاس نہیں بلاسکتا۔ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے استفسار کیا کہ اسپیکر وزیر اعلیٰ سے براہ راست کمیونیکیشن نہیں کرسکتا بلکہ سیکرٹری اسمبلی کے ذریعے رابطہ کرے گا۔

جس پر وکیل نے جواب دیا کہ جی بلکل نہیں کرسکتا لیکن تفصیلی فیصلے سے ہم متاثر ہوئے ہیں۔

جسٹس ایس ایم عتیق شاہ بولے اگلی سماعت پر سب کو سنیں گے اس میں فریقین کو نوٹس کرتے ہیں، جس پر عدالت نے نظر ثانی درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp