ملک بھر میں صارفین کو ’ایکس‘(سابقہ ٹوئٹر) کو بندش کا سامنا ہے، عام انتخابات 2024 کے تناظر میں جاری صورتحال کے دوران سوشل میڈیا کو وقتی طور پر بلاک کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد سروس کو بحال کردیا گیا تھا لیکن گزشتہ چار دن سے پاکستان میں مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم“ایکس“ (سابقہ ٹوئٹر) کو بندش کا سامنا ہے اور صارفین کو ایکس تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ایکس (ٹوئٹر) کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے؟
انٹرنیٹ کی بندش کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز غیر فعال ہوئے تو بیشتر پاکستانیوں نے اس کا حل وی پی این کے ذریعے نکالا۔
سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد وی پی این کے ذریعے ٹوئٹر تک رسائی حاصل کرنے پر مجبور ہے۔ وی پی این کی مانگ میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
وی پی این کیا ہے؟
وی پی این یا ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک انٹرنیٹ ایسی ٹیکنالوجی ہے جو صارفین کی لوکیشن کو چھپا دیتی ہے جس سے یہ پتا نہیں چلتا کہ انٹرنیٹ کس جگہ سے استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ صارف کی شناخت، لوکیشن اور آن لائن سرگرمیوں کو خفیہ رکھتی ہے۔
وی پی این کی مدد سے صارفین اپنے آپ کو کسی اور ملک میں موجود ظاہر کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر آپ پاکستان میں ہیں، لیکن وی پی این کی مدد سے خود کو امریکا، کینیڈا یا کسی بھی اور ملک میں ظاہر کر سکتے ہیں۔
پاکستان ان ممالک میں سے ہے جہاں سوشل میڈیا کو متعدد پابندیوں کا سامنا ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کا شمار وی پی این استعمال کرنے والے بڑے ممالک میں ہوتا ہے۔ صارفین سوشل میڈیا سائٹس تک رسائی کے لیے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کا سہارا لیتے ہیں۔