حوثی باغیوں نے 3 کروڑ ڈالر مالیت کا امریکی ڈرون مار گرایا

بدھ 21 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حوثی باغیوں نے یمن کے ساحل پر ایک امریکی ایم کیو نائن ریپر ڈرون طیارے کو مار گرایا ہے، جس کی مالیت 3 کروڑ امریکی ڈالر تھی۔

امریکی نیوز ویب سائٹ بزنس انسائیڈر کے مطابق، حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے پیر کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے امریکی ڈرون کو مار گرایا تھا۔ واقعہ کی تصدیق کے لیے انہوں نے مغربی یمن کے ساحل پر پڑے ڈرون طیارے کے ملبے کی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔ تاہم حوثیوں کے دعوے اور ویڈیو کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

دوسری جانب، 2 امریکی اہلکاروں نے گزشتہ روز اس واقعہ کی تصدیق کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریپر کو یمن کے ساحل پر حوثیوں نے مقامی وقت کے مطابق پیر کی صبح مار گرایا تھا۔

پینٹاگون کے ایک ترجمان نے بھی اس واقعہ کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ امریکا نے ابھی تک تباہ شدہ ڈرون طیارے کا ملبہ نہیں اٹھایا ہے۔

حوثیوں کی جانب سے 3 ماہ سے کم عرصہ میں ریپر ڈرون مار گرانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ حوثیوں نے اس سے قبل جون 2019 میں بھی ایک امریکی ایم کیو نائن ریپر ڈرون کو تباہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکی ساختہ ایم کیو نائن ریپر ڈرون طیارے کئی گھنٹے تک زیادہ بلندی پر پرواز کرنے اور اہم معلومات حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ ڈرون طیارے ’ہیل فائر‘ میزائلوں اور بموں سے لیس ہوتے ہیں۔ امریکی فوج ان طیاروں کو اہم اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کرتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp