پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات کالعدم ہونے کے باعث پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں نے عام انتخابات میں آزاد حیثیت میں حصہ لیا تھا، جس کے مطابق اس وقت قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان کی تعداد 92 ہے۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کو عام انتخابات میں مختلف انتخابی نشانات الاٹ کیے گئے تھے، چونکہ عدالتی فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن نے بلے کا نشان واپس لے لیا تھا۔
مزید پڑھیں
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 92 امیدوار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی قومی اسمبلی میں تعداد سب سے زیادہ ہے، تاہم یہ امیدوار آزاد حیثیت میں الیکشن لڑے تھے اس لیے پی ٹی آئی کو ان امیدواروں کی کامیابی کے باوجود کوئی بھی مخصوص نشست نہیں ملنی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف نے مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے مختلف پارٹیوں سے اتحاد کے لیے مذاکرات کیے، بعد ازاں پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کا اتحاد سامنے آیا، اب پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار بیان حلفی جمع کروا کر سنی اتحاد کونسل پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹریٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 86 ارکان قومی اسمبلی نے سنی اتحاد کونسل پارٹی میں شمولیت کا بیان حلفی اور سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیا ہے۔
اس کے علاوہ سندھ اسمبلی کے لیے منتخب ہونے والے پی ٹی آئی حمایت یافتہ 9 آزاد ارکان، جبکہ پنجاب اسمبلی کے 105 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے 85 منتخب ارکان سنی اتحاد کونسل پارٹی میں شمولیت کا بیان حلفی اور سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن میں جمع کروا چکے ہیں۔