قومی ٹیم کے سابق ٹیم ڈائریکٹر اور سابق کپتان محمد حفیظ نے بلے باز اعظم خان کے بارے میں انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اعظم خان کو 3 میچز میں کھلایا گیا اس کے بعد اس کو ٹیم میں واپس کھیلنے کا موقع نہیں دیا گیا، وجہ معلوم کرنے پر بتایا گیا کہ اعظم خان کو مستقل طور پر ڈراپ نہیں کیا گیا، بس شائقین کی تنقید سے بچنے کے لیے ڈراپ کیا گیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے عہدہ چھوڑتے ہی انکشافات کرنا شروع کردیے، گزشتہ روز انہوں نے نجی ٹی وی چینل پر بیٹھے پی ایس ایل میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی فٹنس نہ ہونے کا ذمہ دار بابر اعظم اور مکی آرتھر کو ٹھہرایا تھا اور آج انہوں نے اعظم خان کے حوالے سے انکشاف کیا ہے۔
مزید پڑھیں
سابق ٹیم ڈائریکٹر نے کہا کہ اعظم خان کو بتادیا تھا کہ انہیں مستقل طور پر ڈراپ نہیں کیا جارہا، کیونکہ پہلے 3 میچز میں ان کی پرفارمنس زیادہ اچھی نہیں رہی تھی تو تنقید سے بچنے کے لیے ان کو اگلے میچز میں ڈراپ کیا گیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے دورہ نیوزی لینڈ میں اعظم خان کو 3 میچوں کے بعد موقع نہ دینے پر اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ نے اعظم خان کو بتادیا تھا کہ انہیں مستقل طور پر ڈراپ نہیں کیا جارہا۔
انہوں نے کہا کہ ذاتی طور پر میں اعظم کو مزید موقع دینا چاہتا تھا لیکن انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ وہ 3 میچوں میں پرفارم نہیں کرسکے اور مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام رہے ہیں، ہمیں ان کا اعتماد بحال کرنا تھا تاکہ سوشل میڈیا پر لوگ ان کے اوپر تنقید نہ شروع کردیں۔
واضح رہے اس سے قبل بھی سابق کرکٹر محمد حفیظ نے فاسٹ بولر حارث رؤف کو فرسٹ کلاس اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ رؤف سمیت دیگر پاکستانی پلئیرز اگرٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلیں گے تو اپنی بولنگ اور بیٹنگ کی خامیوں پر قابو پانے میں ناکام رہیں گے۔