عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملنے نہیں دیا جا رہا، عمر ایوب

جمعرات 22 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزارت عظمیٰ کے نامزد امیدوار عمر ایوب نے کہا ہے کہ انہیں عدالتی احکامات کے باوجود عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ان کے پاس انسداد دہشت گردی عدالت ون راولپنڈی کے جج ملک اعجاز عاصم کا آرڈر موجود ہے، جو انہوں نے 20 فروری کو جاری کیا تھا۔

عمر ایوب نے بتایا کہ اس آرڈر میں عدالت نے انہیں، ایڈووکیٹ جواد اور ایڈووکیٹ علی بخاری کو اجازت دی تھی کہ وہ آج اڈیالہ جیل میں قیدی نمبر 804 بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ گھنٹہ گزر چکا ہے جبکہ یہ آرڈر عدالت کے ذریعے اڈیالہ جیل کی انتظامیہ کو بھیجا گیا ہے، ہم لوگ سرمایہ کاری کی بات کرتے ہیں، یہ سرمایہ کاری کہاں سے آئے گی جب ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ایک جیل سپرانٹینڈنٹ اور اس کا عملہ عدالت کے احکامات ماننے سے انکار کر رہا ہے اور ہمیں ہمارا حق نہیں دیا جا رہا، تو پھر یہاں پر کونسا عدل و انصاف ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم عدل و انصاف کے لیے کہاں جائیں، کیا لاہور ہائیکورٹ، اسلام آباد ہائیکورٹ یا سپریم کورٹ کے پاس جا کر کہیں کہ ہمیں ملاقات کی اجازت دی جائے یا پھر اس کے لیے ہم عالمی عدالت سے رجوع کریں۔

عمر ایوب نے کہا، ’بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے انہیں پارٹی کی جانب سے وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہوا ہے، میں اس وقت پی ٹی آئی کا چیف آرگنائزر ہوں، ہمارے انٹرا پارٹی الیکشن آرہے ہیں، پارٹی کے مختلف معاملات ہیں جن کے سلسلے میں مجھے اپنے لیڈر سے ملاقات کرنی ہے۔‘

انہوں نے کہا عمران خان سے جیل میں ملاقات کرنا ان کا قانونی اور جمہوری حق ہے جو انہیں نہیں دیا جا رہا جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دوبارہ عدالت سے رجوع کریں گے اور اس حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp