پاکستان میں عام انتخابات کے بعد ملک کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں مسلم لیگ ن نے نشستوں کی ڈبل سنچری مکمل کر لی ہے۔
جمعرات کو الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کے ناموں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں کو ملا کر مسلم لیگ ن 200 اراکین کے ساتھ سب سے آگے ہے۔
مزید پڑھیں
پاکستان پیپلزپارٹی کے 13، مسلم لیگ ق کے 10 اور استحکام پاکستان پارٹی کی 6 اراکین کی حمایت بھی مسلم لیگ ن کو حاصل ہو گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں مجموعی طور پر 42 خواتین کے نام شامل ہیں جس میں سے 36 خواتین کو پاکستان مسلم لیگ ن ( پی ایم ایل این ) کی امیدوار قرار دیا گیا ہے، پیپلز پارٹی کو 3 خواتین رکن صوبائی اسمبلی اور 2 نشستیں پاکستان مسلم لیگ ق اور ایک نشست استحکام پاکستان پارٹی کو دی گئی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن نے 8 فروری کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات کے انعقاد کے بعد پنجاب میں سب سے زیادہ 137 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد 23 آزاد اراکین بھی اب تک مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں، جس کے بعد پنجاب اسمبلی میں ن لیگ کی تعداد 160 ہو گئی ہے۔
اب الیکشن کمیشن کی جانب سے مسلم لیگ ن کو خواتین کی 36 اور اقلیتوں کی 4 مخصوص نشستیں بھی آلاٹ کر دی ہیں جس کے بعد مسلم لیگ ن 200 اراکین کے ساتھ پنجاب اسمبلی میں سب سے آگے ہے۔
پنجاب اسمبلی میں سادہ اکثریت کے لیے 186 اراکین اسمبلی کی حمایت درکار ہوتی ہے، جبکہ مسلم لیگ ن کو پاکستان پیپلزپارٹی کے 13، مسلم لیگ ق کے 10 اور استحکام پاکستان پارٹی کے 6 اراکین کی حمایت بھی حاصل ہے، یہ تینوں جماعتیں مسلم لیگ ن کی اتحادی جماعتیں ہیں اور مسلم لیگ ن کے ساتھ حکومتی اتحاد کا باقاعدہ اعلان بھی کر چکی ہیں جس کے بعد مسلم لیگ ن کو مجموعی طور پر کم از کم 229 ارکان کی اکثریت حاصل ہو گئی ہے۔