سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان کے آئی ایم ایف کو خط لکھنے سے معاملات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، وہ اس قسم کی باتیں پہلے بھی کرتے رہے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہاکہ شوکت ترین اور تیمور جھگڑا نے ماضی میں آئی ایم ایف کو خطوط لکھے تھے۔
مفتاح اسماعیل نے کہاکہ سیاستدانوں کی اندرونی لڑائی جو بھی ہو اس کو بیرونی دنیا میں لے کر نہیں جانا چاہیے، یہ غیرمناسب عمل ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف ہمیشہ حکومت کے ساتھ ڈیل کرتا ہے، وہ بنگلہ دیش کے ساتھ بھی ڈیل کر رہا ہے جہاں حال ہی میں متنازع الیکشن ہوئے ہیں۔
سابق وزیر خزانہ نے کہاکہ آنے والی حکومت کو 2 بڑے سنجیدہ چیلنجز درپیش ہوں گے، جس میں آئی ایم ایف سے ڈیل اور مہنگائی میں کمی ہے۔
واضح رہے کہ آج پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما سینیٹر علی ظفر نے کہا تھا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں وہ موقف اختیار کریں گے کہ دھاندلی کی تحقیقات تک پاکستان کے ساتھ ڈیل نہ کی جائے۔
عمران خان کا یہ موقف سامنے آنے کے بعد سیاسی پارٹیوں کی جانب سے ان پر تنقید کے نشتر برسائے جا رہے ہیں۔
یہ بھی یاد رہے کہ 8 فروری کو ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد دھاندلی کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ وہ قومی اسمبلی کی 180 سے زیادہ نشستیں جیتی ہوئی تھی مگر اسے دھاندلی سے ہرایا گیا۔
دوسری جانب جمعیت علما اسلام (ف) نے بھی الیکشن کو دھاندلی زدہ قرار دیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے اپنے ایک انٹرویو میں پارلیمانی سیاست چھوڑ کر سڑکوں پر آنے کی دھمکی بھی دی تھی۔