فلسطین پر اسرائیلی قبضہ، پاکستان آج عالمی عدالت انصاف میں اپنے دلائل پیش کرے گا

جمعہ 23 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عالمی عدالت انصاف میں مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیل کی پالیسیوں اور طرز عمل سے متعلق جاری مشاورتی کارروائی میں آج پاکستان اپنے  قانونی دلائل پیش کرے گا۔

وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیلی طرز عمل سے پیدا ہونے والے نتائج پر عالمی عدالت انصاف کی مشاورتی کارروائی جاری ہے، یہ کارروائی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی طرف سے عالمی عدالت سے مشاورتی رائے کے لیے کی گئی درخواست پر شروع ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران وزیر قانون احمد عرفان اسلم آج عالمی عدالت انصاف میں پاکستان کا موقف پیش کریں گے، پاکستان کی جانب سے عالمی عدالت انصاف میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے مظالم پر آواز اٹھائی جائے گی۔

عالمی عدالت انصاف میں پیر روز 3 گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس کے دوران فلسطین کے 7 نمائندوں نے مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں اسرائیل کے قبضہ کو غیر قانونی قرار دیا اور کہا کہ اسرائیل نے فلسطین میں نسلی امتیاز کا نظام نافذ کیا ہوا ہے اور فلسطینیوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔

منگل کو ہونے والی عدالتی کارروائی میں جنوبی افریقہ نے بھی فلسطینی مؤقف کی تائید کی اور اسرائیل کو نسل کشی کا ذمہ دار قرار دیا۔

اس معاملے پر اسرائیل کا مؤقف ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی طرف سے طلب کی گئی عالمی عدالت انصاف کی مشاورتی رائے غیرقانونی ہے کیونکہ اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کے ساتھ ساتھ دو طرفہ اسرائیل فلسطینی معاہدوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ تنازعہ کے حل کے لیے مناسب فریم ورک قانونی کے بجائے سیاسی ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2022 میں عالمی عدالت انصاف سے 2 اہم سوالات پر رائے طلب کی تھی۔ اس حوالے سے عالمی عدالت انصاف میں 19 سے 26 فروری تک عوامی سماعتوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ عدالت ان دونوں سوالات پر اپنا فیصلہ ممکنہ طور پر رواں برس کے آخر تک سنائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp