پی ٹی آئی رہنما اسلم اقبال اشتہاری ہیں، اگر پکڑے گئے تو کیا مسئلہ ہے؟ عظمیٰ بخاری

جمعہ 23 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ایوان ہماری وجہ سے نامکمل نہیں، انہوں نے لسٹیں جمع نہیں کرائیں۔ اگر آپ اتنے نا لائق ہیں تو اس پر ہمیں کیوں پوچھا جا رہا ہے؟ اسپیکر صاحب ٹی پارٹی پر نہیں آئے آج ہی حلف لیں گے، اگر اسپیکر نہیں بیٹھنا چاہتے تو بتا دیں گورنر پنجاب کے پاس اختیار موجود ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 10 بجے شروع ہونا تھا جس میں آنکھ مچولی جاری ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے بہت سارے نئے چہرے سامنے آئے ہیں۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی کا جس طرح الیکشن ہوا وہ بھی سب کو یاد ہوگا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ایسے لگ رہے تھے جیسے ان کو یرغمالی رویہ پڑھا کر بھیجا گیا تھا۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ رانا آفتاب نے رول آف پروسیجر پڑھے ہوئے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کی غیر قانونی کارروائی ہو رہی ہے، جب تک رکن اسمبلی حلف نہ لے لیں ان کو بولنے کی اجازت نہیں ہوتی۔ مجھے یہ سمجھ نہیں آتی ان کی یادداشت اتنی کمزور کیوں ہے۔ 2018 میں ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا تھا، جب ہماری حلف برداری تھی ہمیں بوتلیں ماری گئی تھیں۔ گیلری میں ہمارے بھی مہمان ہیں باقی سب کے مہمان بھی ہیں۔

مسلم لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی رہنما اسلم اقبال پکڑے گئے تو اس میں مسئلہ کیا ہے، وہ 9 مئی کیس میں اشتہاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی بار ان کو پرویزالہیٰ کے جن غنڈوں کی سہولت تھی وہ اب نہیں ہے۔ دو تہائی اکثریت کے ساتھ مسلم لیگ ن اسمبلی میں موجود ہے۔ آپ کو تو رونے کی عادت پڑی ہوئی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سبطین خان بے بسی دکھا رہے ہیں، حلف کے بغیر ممبر ایک لفظ نہیں بول سکتا لیکن ان سے باقاعدہ مطالبات کا پرچہ لیا گیا ہے۔ آپ سے دوبارہ درخواست کرتی ہوں یہ فتنہ فساد چھوڑ دیں۔ یہ تماشا کہ مجھے پکڑلیا میں رو رہا ہوں نہ ایسے کام کرتے جس پر رونا پڑ رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp