مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے کے بعد ایک اور تاریخ رقم ہوگئی ہے کہ ایک ہی گھرانے کی 4 شخصیات وزیراعلی پنجاب منتخب ہونے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
پیر کے روز پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے لیے انتخاب ہوا، جس میں مسلم لیگ ن کی نامزد امیدوار مریم نواز شریف 220 ووٹ لے کر وزیراعلی منتخب ہوگئیں۔ یوں انہوں نے ملکی تاریخ میں پہلی خاتون وزیراعلیٰ اور اپنے گھرانے کی چوتھی وزیراعلیٰ کے طور پر اپنا نام درج کروایا۔
مزید پڑھیں
مریم نواز سے قبل ان کے والد میاں نواز شریف بھی 2 مرتبہ وزیراعلی پنجاب رہ چکے ہیں، نواز شریف پہلی بار 1985 میں وزیراعلی پنجاب منتخب ہوئے، اس کے بعد 1988 میں وہ دوبارہ وزیراعلی پنجاب کے عہدے پر فائز ہوئے۔
نواز شریف کے بعد ان کے بھائی شہباز شریف فروری 1997 میں وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے تھے، اس کے بعد وہ 2008 سے 2013 اور پھر 2013 سے 2018 تک وزیراعلیٰ پنجاب رہے، شہباز شریف کو 3 بار وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا اعزاز حاصل ہے۔
شریف خاندان کے تیسرے فرد حمزہ شہباز ہیں جو وزیراعلیٰ پہنجاب کے منصب تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، حمزہ شہباز 87 دن تک وزیراعلیٰ پنجاب رہے۔
مریم نواز ’شریف گھرانے‘ کی چوتھی شخصیت ہیں جو وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئی ہیں تاہم ان کو منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ ملکی تاریخ میں وزیراعلیٰ بننے والی پہلی خاتون ہیں۔