نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر نے کہا ہے کہ پنجاب میں اب سب اچھا ہوگا۔ اس صوبے کو مریم کے والد اور چچا نے بھی اچھے طریقے سے چلایا ہے۔
کیپٹن صفدر مریم نواز کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے تھے جہاں صحافیوں نے ان سے سوالات کیے۔
صحافی نے کیپٹن صفدر سے سوال کیا کہ کیا آپ بھی مریم نواز کی مدد کریں گے، تو ان کا کہنا تھا کہ ہم تو 33 سال سے مدد ہی کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
واضح رہے کہ مریم نواز پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہو گئی ہیں، انہوں نے ایوان میں 220 ووٹ حاصل کیے۔
سنی اتحاد کونسل نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا۔ رانا آفتاب نے اس موقع پر کہاکہ اگر خفیہ رائے شماری ہو تو سب سامنے آ جائے۔
اپوزیشن کے لیے میرے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے، مریم نواز
مریم نواز نے وزیراعلیٰ پنجاب انتخاب کے بعد اپنی تقریر میں کہاکہ اپوزیشن کے لیے میرے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔
انہوں نے کہاکہ جن مخالفین نے ہم پر ظلم کے پہاڑ توڑے ان سے انتقام نہیں لوں گی۔ یہ ایوان جمہوریت کے اصولوں پر کاربند رہے گا۔ ہم سب جمہوری اور سیاسی کارکن ہیں۔ ہم پر بھی بہت مشکل وقت آئے، ہمیں ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا گیا مگر گھبرائے نہیں، مشکلات کے باوجود ہم نے میدان کبھی خالی نہیں چھوڑا۔
مریم نواز نے کہا کہ اس منصب پر آکر بہت بڑی ذمے داری میرے کاندھوں پر آئی ہے، بطور وزیر اعلیٰ ایوان کا ہر رکن میرے لیے قابل احترام ہے، میں ن لیگ کی وزیراعلیٰ نہیں پنجاب کے 12کروڑ عوام کی وزیراعلیٰ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے سامنے آج ہر وہ ماں اور بچہ ہے جو غذائی کمی شکار ہیں، آج میرے سامنے کسان ہے جس کی محنت سے معیشت چلتی ہے، آج میرے سامنے سڑک کنارے کھڑے بے روزگار مزدور ہیں۔