اسپیکر قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں بلا سکتے، حامد رضا کا عدالت جانے کا عندیہ

پیر 26 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ماضی میں شیڈول کے بعد مخصوص نشستیں دینے کی مثال موجود ہے تو ہمیں کیوں نہیں مل سکتیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسپیکر قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں بلا سکتے، ہم اس معاملے پر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا سکتے ہیں۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہاکہ ہمیں مخصوص نشستیں نہ ملیں تو سینیٹ میں نقصان ہوگا اور ہم ایوان بالا میں 7 سیٹیں کھو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ رضا ربانی کو بڑا آدمی سمجھتا تھا مگر انہوں نے خود کو چھوٹا ثابت کیا، ان کو آج آئین شکنی یاد آ رہی ہے، جب فوجی عدالتیں بن رہی تھیں تب کہاں تھے۔

حامد رضا نے کہاکہ ماضی میں بی اے پی کو مخصوص نشستیں دی جا سکتی ہیں تو ہمیں کیوں نہیں۔ پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارا اتحاد آج کا نہیں 2018 سے ہے۔

انہوں نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ فارم 45 کے مطابق نہیں بلکہ فارم 47 کے مطابق الیکشن جیتے ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ابھی تک سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہیں دی گئیں، کل الیکشن کمیشن میں اس حوالے سے اہم سماعت بھی ہے جو براہِ راست ہونی ہے۔

آج صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری یہ اعتراض لگاتے ہوئے واپس کردی کہ جب تک سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کا فیصلہ نہیں ہو جاتا تب تک اسمبلی کا اجلاس نہیں بلایا جا سکتا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp