پاکستانی اداکار فیروز خان اور بھارتی اداکارہ گیتھیکا تیواری کے درمیان معاشقے کی خبریں میڈیا کی زینت بن رہی ہیں اور یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ گیتھیکا نے پاکستانی اداکار سے شادی اور اپنا مذہب تبدیل کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔
مزید پڑھیں
حال ہی میں بھارتی فلموں کے نقاد کمال آر خان نے اپنے ولاگ میں دعویٰ کیا کہ گیتھیکا تیواری فیروز خان سے شادی کرنے کے لیے مسلمان ہوسکتی ہیں۔
کمال آرخان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بھارتی اداکارہ شاید مسلمان ہوچکی ہے کیوں کہ انہیں برقع پہنے اور نماز پڑھتے بھی دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیروز خان اور گیتھیکا کے درمیان معاشقہ لندن میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران شروع ہوا۔
کمال آر خان نے فلم میں پاکستانی اداکار کو کاسٹ کرنے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ فلم بنانے والوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا کیونکہ بھارت میں نمائش کے لیے اس فلم کو منظوری نہیں ملے گی۔
کمال آر خان نے بھارتی حکومت اور اپنے فالوورز سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور مل کر گیتھیکا کو بچائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فیروز خان سے شادی کرنے اور پاکستان میں رہنے سے گیتھیکا کی زندگی تباہ ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ فیروز خان اور گیتھیکا کے درمیان تعلقات کی خبریں اس وقت سامنے آئیں جب رواں ماہ گیتھیکا نے اپنے انسٹاگرام پر فیروز خان کے ساتھ اپنی مختلف تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں اور انہیں ’سپر کیوٹ‘ قرار دیا تھا۔