صدر عارف علوی کو کچھ دن بعد مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا،بلاول بھٹو زرداری

منگل 27 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئین میں لکھا ہے کہ ہر حال میں 21 دنوں میں قومی اسمبلی اجلاس بلانا ہے، صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین توڑا ہے انہیں کچھ دن بعد مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ صدر علوی نے تحریکِ عدم اعتماد پر جو کردار ادا کیا تھا پہلا مقدمہ وہ ہوگا جبکہ دوسرا مقدمہ اسمبلی اجلاس نہ بلانے پر ہوسکتا ہے۔ ہم جمہوریت لیکر آئیں گے۔

اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کرایا، اس کیس میں ابھی تک ثبوت پیش کیے جارہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ اس کیس میں ہمیں انصاف ملے گا، ہم اس داغ کو صاف کریں گے تاکہ آئندہ آنیوالی نسلوں کے لیے ایسا نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم آصف علی زرداری کو صدر منتخب کرائیں گے، تمام ادارے اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں۔ سیاستدانوں کو ایک دوسرے کی عزت کرنا ہوگی، اختلافات ضرور کریں مگر عزت بھی کرنا ہوگی، ہمیں آپس کی لڑائیوں سے باہر نکلنا ہوگا۔

سنی اتحاد کونسل کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے مریم نواز کو وزیراعلیٰ بنادیا

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہوں، میرے پاس حکومت بنانے کے لیے نمبر پورے نہیں ہیں، پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جو ہم سے ووٹ مانگنے آئے ہیں ان کو ہم پاکستان کی خاطر ووٹ دیں گے۔ سنی اتحاد کونسل نے ہم سے ووٹ مانگا ہی نہیں تو ہم کیا کریں؟ جو پاکستان کی خاطر کی ہم سے ہاتھ ملائے ہم ان سے ہاتھ ملائیں گے۔ ہم سنی اتحاد کونسل کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے مریم نواز کو وزیراعلیٰ بنادیا۔ انہوں نے مجھ سے ووٹ نہیں مانگا تو وہ اعتراض نہیں کرسکتے۔

جو غلطی نہیں مانتا تھا آج وہ جیل میں قید ہے

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھ کر آگے کی طرف بڑھنا ہوگا، پی ٹی آئی والے اپنی غلطیاں ماننے کو تیار ہی نہیں، جو غلطی نہیں مانتا تھا آج وہ جیل میں قید ہے، سندھ کے عوام نے ہم پر اعتماد کرکے ہمیں بھاری مینڈیٹ دیا ہے۔

کہا تھا کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کروں گا مگر عوام نے مجھے مینڈیٹ نہیں دیا

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عارف علوی آئین توڑ رہے ہیں اور اپنی ذمہ داریاں نہیں نبھا رہے۔ میں نے کہا تھا کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کروں گا مگر عوام نے مجھے مینڈیٹ نہیں دیا۔ دائرے سے باہر جا کر سیاست کریں گے تو 9 مئی جیسے واقعات ہوتے ہیں۔ اگر ہم مسلم لیگ ن کے ساتھ حکومت نہیں بناتے تو کیا لوگوں کے مسائل حل ہو جاتے؟ پاکستان پہلے ہی معاشی بحران کا شکار ہے اس صورتحال میں مل کر کام کرنا ہوگا۔

بھٹو ریفرنس: مستقبل کے لیے ایسی مثال قائم کریں تاکہ آئندہ ناانصافی نہ ہو

سپریم کورٹ میں شہید ذوالفقار بھٹو ریفرنس کی سماعت چل رہی ہے، یہ جوڈیشل ٹرائل نہیں ذوالفقار علی بھٹو کا جوڈیشل قتل تھا، ریفرنس میں تیزی سے شواہد ججز کے سامنے پیش کیے جا رہے ہیں، مستقبل کے لیے ایسی مثال قائم کریں تاکہ آئندہ ناانصافی نہ ہو، چند غلط فیصلوں کی وجہ سے ادارے پر جو داغ لگا ہے امید ہے جلد دھوئیں گے، ذوالفقار بھٹو کیس میں ایسا مضبوط فیصلہ دیا جائے تاکہ تاریخی حقیقت پر فل سٹاپ لگا سکیں۔

صدر کا حلف اٹھانے کے بعد آصف زرداری گورنرز کے نام فائنل کریں گے

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور اسپیکر شپ کا انتخاب ہو گیا ہے، صدر کا حلف اٹھانے کے بعد آصف زرداری گورنرز کے نام فائنل کریں گے۔ ہم ایک دوسرے کی عزت کریں گے تو پاکستان کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔ اگر آپس کی لڑائیاں ختم نہ ہوئیں تو یہ سلسلہ ایسے ہی چلتا رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp