کرائسٹ چرچ ٹیسٹ، نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو آخری گیند پر ہرا دیا

پیر 13 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیوزی لینڈ نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میچ میں  سری لنکا کو آخری گیند پر شکست دے دی

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں کین ولیمسن کی سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے ڈرامائی انداز میں آخری گیند پر سری لنکا کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیوزی لینڈ کی سنسنی خیز جیت نے سری لنکا کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات ختم کردیئے ۔ اب ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں بھارت کے  پہنچنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

بارش سے متاثرہ ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن صرف 53 اوورز کھیلے گئے۔ نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے اوسطاً 4.85 رنز فی اوور درکار تھے۔ 90 کے اسکور پر نیوزی لینڈ کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے تاہم اس کے بعد ولیمسن اور ڈیرل مچل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

سری لنکا کے نروشن ڈکویلا نے 33 کے اسکور پر ولیمسن کا کیچ ڈراپ کیا جس کا خمیازہ سری لنکا کو شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ ولیمسن اور ڈیرل مچل نے چوتھی وکٹ کے لیے 26 اوورز میں 142 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ ڈیرل مچل نے 81 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ولیمسن نے 121رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

میچ کے پہلے دو دن سری لنکا کا پلڑا بھاری رہا تاہم ڈیرل مچل کی سینچری اور میٹ ہینری کے 72 رنز کی بدولت کھیل کے تیسرے روز نیوزی لینڈ کا پلڑا بھاری رہا۔ سری لنکا نے چوتھے دن انجیلو میتھیوز کے 115 رنز کی بدولت میچ میں کم بیک کیا۔ تاہم بعدازاں آخری روز میچ کا پانسہ ایک بار پھر پلٹ گیا۔

یاد رہے کہ سری لنکا نے دوسری اننگز میں 302 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 285 رنز کا ہدف دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp