پاکستانی ڈراموں اور فلموں کی معروف اداکارہ عفت عمر نے کہا ہے کہ وہ جو بھی لباس پہنیں وہ ان کا ذاتی معاملہ ہے، لوگ ہوتے کون ہیں تنقید کرنے والے۔
مزید پڑھیں
حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ شو میں گفتگو کرتے ہوئے عفت عمر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ لوگ خصوصاً ’بوائز کلب‘ انہیں ’دو ٹکے کی عورت اور طلاق یافتہ عورت‘ کہتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ تم چھوٹے کپڑے کیوں پہنتی ہو، کیا تمہیں شرم نہیں آتی۔
عفت عمر کا کہنا تھا کہ یہ ’بوائز کلب‘ اس لیے اس طرح کی بات کرتا ہے کیونکہ وہ کھل کر ہر معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ، ’میں کھل کر اسٹیبلشمنٹ یا حکومت پر تنقید کرتی ہوں کیونکہ میں نے کبھی کوئی چوری نہیں کی اور نہ کبھی کرپشن کی۔‘
عفت عمر نے مزید بتایا کہ ان کے کوئی اسکینڈل نہیں ہیں تو لوگ ان کے خلاف اور کیا نکال کر لاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہ، ’سچ بولنا میری کمزوری ہے۔‘
’مصدق ملک میرے بہترین دوست ہیں‘
عفت عمر نے بتایا، ’میرا تعلق ایک اچھے خاندان سے ہے، عمر بیوروکریٹ ہیں، میرے جیٹھ آئی جی ہیں اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک میرے بہترین دوست ہیں، لیکن آج تک کسی سے کوئی فیور نہیں مانگی۔‘
انہوں نے کہا کہ مجھ جیسی خواتین جب باہر نکلتی ہیں تو لوگ اعتراض کرتے ہیں کہ یہ باہر کیوں نکل رہی ہیں، یہ تو ہیں ہی اس طرح کی جو دوپٹہ بھی نہیں لیتیں۔ انہوں نے کہا، ’مجھے ان باتوں سے کوئی مسئلہ نہیں، مجھے اس بات سے کوئی واسطہ نہیں کہ اس ملک میں کیا ہو رہا ہے، میں بہت اچھی زندگی گزار رہی ہوں۔‘
واضح رہے کہ ماضی میں عفت عمر ماڈلنگ بھی کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے کئی مشہور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے تاہم اب انہوں نے اداکاری سے بریک لے لیا ہے۔ عفت عمر اب سوشل میڈیا پر مختلف سماجی اور سیاسی مسائل پر کھل کر بات کرتی نظر آتی ہیں جو کئی لوگوں کو پسند نہیں آتیں اور وہ انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔