اگلے 4 دنوں میں بارش اور برفباری کہاں کہاں ہوگی؟

بدھ 28 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئندہ 4 دنوں کے دوران بلوچستان، خیبرپختونخوا، کشمیر، مری اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، تاہم شمالی اور جنوب مغربی بلوچستان، گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز اور موسلادھار بارش کے باعث گوادر، کیچ، جیوانی، آواران اور گردونواح میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

گوادر میں 16 گھنٹوں سے زائد وقت تک مسلسل بارش میں 2 گھنٹوں کے وقفے کے بعد دوبارہ بارش شروع ہوگئی،جبکہ نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہوکر رہ گیا ہے، شہری نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

شدید بارش کے باعث شہر بھر کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ کئی علاقوں میں موبائل فون سروس بھی بند ہوگئی ہے، جبکہ کئی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کل صبح 4 سے رات 8 بجے تک گوادر میں 168.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

جمعرات کے روز خیبرپختونخوا، بلوچستان، پنجاب، سندھ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

جمعہ کے روز خیبرپختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اس دوران خیبرپختونخوا، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، مری، گلیات اور گردونواح میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

ہفتے کے روز بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان، ملک کےدیگر علاقوں میں موسم سرد اورخشک۔ رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp