اوور ایکٹنگ کے ایوارڈ کا مریم نواز کے علاوہ کوئی حقدار نہیں، صارفین کی تنقید

بدھ 28 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ ن کی امیدوار مریم نواز پنجاب کی وزیر اعلیٰ منتخب ہو گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ منتخب ہوتے ہی وہ مختلف جگہوں کے دورے کر رہی ہیں ، گزشتہ روز وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے محفوظ پنجاب ویژن، پنجاب سیف سٹی اتھارٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے اور ناقدین کی جانب سے ان کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بریفنگ دیتے ہوئے خاتون پولیس اہلکار کا دوپٹہ سر سے اتر جاتا ہے اور مریم نواز ان کے سر پر دوپٹہ اوڑھ دیتی ہیں جس پر صارفین کی جانب سے ان کے اس عمل کو سراہا جا رہا ہے جبکہ چند صارفین ایسے بھی ہیں جو ان کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ ایکٹنگ کے ایوارڈ کا مریم نواز کے علاوہ کوئی حقدار نہیں۔

مسلم لیگ ن کے حامی ایک ایکس صارف پرویز سندھیلہ نے مریم نواز کی ٹوئٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مریم نواز کو بریفنگ دیتے ہوئے اس بیٹی کا دوپٹہ سر سے سرکا تو میڈیم چیف منسٹر نے ماں جیسی شفقت کا مظاہرہ کیا اور بیٹی کے سر پر دوپٹہ اوڑھ دیا، اب چند مٹھی بھر لبرل بغض میں تنقید کررہے ہیں جبکہ پورا پاکستان مریم نواز کے اس عمل کو سراہ رہا ہے، ویلڈن خادمہ پنجاب۔

ویڈیو پر تنقید کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ مریم نواز صرف شہرت کے چکر میں ہیں اور یہ بات سب کو معلوم ہے۔

ملک شاہنواز نامی صارف شاعرانہ انداز میں لکھتے ہیں کہ کوئی دیکھ کر جل گیا اور کسی نے دعا دی۔

ایکس صارف جبران نے اس موقع پر نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انوار الحق کاکڑ تو کوئی چیز ہی نہیں کلائمکس تو اب شروع ہوا ہے۔ اب کروڑوں روپے ایسے اشتہارات اور ایڈز چلانے کے لیے خرچ ہوں گے۔ پنجاب کی عوام کے ساتھ ظلم ہوا ہے اگر اوور ایکٹنگ کا ایوارڈ دنیا میں ہوتا تو مریم کے علاوہ کوئی انسان اس کا حقدار نہیں ہے۔

ن لیگ کے چاہنے والے ایک صارف نے مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے اقدامات قابل تعریف ہیں کیونکہ آپ عوام کے ان مسائل پر توجہ دے رہی ہیں جو عوام کے لیے اذیت بن چکے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ اللہ پاک آپ کو ہمت و استقامت عطا فرمائے تاکہ آپ پوری یکسوئی سے ان ماؤں، بہنوں، بیٹیوں سے مسائل سن کر ان کا حل نکالیں۔

واضح رہے کہ مریم نواز 220 ووٹ لے کر پاکستان کی تاریخ کی پہلی وزیراعلیٰ منتخب ہوئیں جب کہ اپوزیشن نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp